کسی ورک ویزا ہولڈرکو ائیرپورٹس پرنہ روکاجائے :سالک حسین

کسی ورک ویزا ہولڈرکو ائیرپورٹس پرنہ روکاجائے :سالک حسین

ورک ویزا اور پروٹیکٹر سرٹیفکیٹ کے باوجود ورکرز کو آف لوڈ کیا گیا:وفاقی وزیر لاہور اور کراچی میں واقعات ،سخت کارروائی ہوگی:ڈائریکٹرجنرل ایف آئی اے

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین نے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی،جس میں ورکرز کو ائیرپورٹس پر آف لوڈ کے واقعات کا نوٹس لیاگیا، وفاقی وزیر کو آف لوڈ واقعات پر بریفنگ دی گئی، وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے شرکاسے کہا کہ ورک ویزا اور پروٹیکٹر سرٹیفکیٹ کے باوجود مختلف ائیرپورٹس پر ورکرز کو آف لوڈ کیا گیا، بیرون ملک روزگار کیلئے جانے والے پاکستانی ہمارے لیے انتہائی قابل عزت ہیں، کسی ورکر کو غیر قانونی طور پرروکنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔وفاقی وزیر نے ڈی جی ایف ائی اے کو ائیرپورٹس پر ورکرز کو آف لوڈ کرنے کا معاملہ فوری حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا آئندہ کسی ورک ویزا ہولڈر کو ائیرپورٹ پر آف لوڈ نہیں کیا جائے گا،ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار نے بتایا کہ لاہور اور کراچی ائیرپورٹ پر ورکرز کو آف لوڈ کرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے جن کی تحقیقات جاری ہیں، اگر ایف آئی اے اہلکار ملوث پائے گئے تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں