علامہ اقبال کی زندگی سے رہنمائی حاصل کرنا ہوگی، صدر،وزیراعظم
شاعر مشرق کا نوجوان ملت کا معمار اور مستقبل کا شاہین ہے ،یوم اقبال پر پیغامات
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے علامہ محمد اقبالؒ کے یومِ پیدائشِ پر اپنے پیغامات میں کہا کہ ہمیں اقبالؒ کی زندگی اور تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرنا ہوگی،علامہ اقبال کی فکر آج بھی ہماری قومی و اجتماعی زندگی کیلئے رہنمائی کا سرچشمہ ہے ۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم اقبال کے اصولوں کی پیروی کرتے ہوئے ایک خوشحال، پُرامن اور متحد پاکستان کی تعمیر کے لیے کوشاں رہیں گے ۔ اللہ کرے اقبالؒ کی بصیرت ہماری ترقی کے لئے مشعل راہ بنی رہے ، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اقبال کی فکر آج بھی ہماری قومی و اجتماعی زندگی کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے ۔ اقبال کا نوجوان ملت کا معمار اور مستقبل کا شاہین ہے ۔ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ اقبالؒ کا پیغام ہمیں ایمان، اتحاد، عمل اور اجتماعی ذمہ داری کا درس دیتا ہے ۔