انتخابی دھاندلی ،پریذائیڈنگ افسران کیخلاف کارروائی غیرقانونی قرار
اینٹی کرپشن الیکشن معاملات پر کارروائی نہیں کرسکتا،پشاورہائیکورٹ کاتحریری حکم
پشاور(بیورورپورٹ)پشاور ہائی کورٹ نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی پرپریذائیڈنگ افسران کے خلاف اینٹی کرپشن کارروائی کو غیر قانونی قرار دے دیا اور اینٹی کرپشن کو پریذائیڈنگ افسران کے خلاف کارروائی سے روک دیا، پشاور ہائی کورٹ نے تحریر ی فیصلہ جاری کردیا،32 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس صاحبزادہ اسداللہ نے تحریر کیا ہے ، تحریری فیصلے میں عدالت نے پریذائیڈنگ افسران کے خلاف اینٹی کرپشن کارروائی کو غیر قانونی قرار دیا ہے ، عدالت نے اینٹی کرپشن کو درخواست گزاروں کے خلاف کاروائی سے روک دیا، فیصلے کے مطابق اینٹی کرپشن الیکشن معاملات پر پریذائیڈنگ افسران کے خلاف کارروائی نہیں کرسکتا، الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق الیکشن سے متعلق معاملات الیکشن کمیشن اور الیکشن ٹربیونل دیکھے گا، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار سول سرونٹس ہے ، الیکشن کے دوران درخواست گزاروں نے الیکشن کمیشن کے انڈر بطور الیکشن کمیشن افسران کام کیا ہے ، پی کے 79 سے امیدوار تیمور جھگڑا نے پریذائیڈنگ افسران کے خلاف اینٹی کرپشن کو درخواست دی تھی۔