کوئی شک نہیں پی ٹی آئی دور میں جادو ٹونے سے حکومت چلائی جاتی تھی:مریم نواز
ہماری سزاؤں پرججزکے ضمیرکیوں نہ جاگے ؟ ، فیلڈ مارشل سے بہتر چیف آف ڈیفنس فورسز کون ہوسکتا نوازشریف نے کسی سے انتقام نہیں لیا،شہید بینظیر کی بہت عزت کرتی ہوں :لندن میں گفتگو
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جب ہمیں سزائیں دی گئیں تب ججوں کے ضمیرکیوں نہیں جاگے ؟ کوئی شک نہیں پی ٹی آئی دور میں جادوٹونے سے حکومت چلائی جاتی تھی۔ فیلڈمارشل کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تقرری بہت اچھی ہے ، اس عہدے کیلئے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بہتر کون ہوسکتا ہے ۔ فیلڈمارشل نے بھارت کیخلاف جنگ میں بہترین قیادت کامظاہرہ کیا، بھارت کے خلاف فتح سے دنیا میں پاکستان کی عزت ہوئی، فیلڈمارشل سے زیادہ اس عہدے کا حقدار کوئی نہیں۔لندن میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مکافات عمل ہواہے میں نے کسی سے انتقام نہیں لیا، حلفاً کہہ سکتی ہوں نوازشریف نے کسی سے انتقام نہیں لیا۔مخالفین نے ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا تھا، مخالفین سے اس انتقام کا انتقام قدرت نے لے لیا۔
نوازشریف جہاں جاتے ہیں وہاں کا ماحول بدل جاتاہے ۔ شہید بے نظیربھٹو کا بہت احترام کرتی ہوں، میں مریم نواز ہوں میری یہی پہچان ہے ، پاکستان میری پہچان ہے ۔ اپنے ملک کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزازکی بات ہے ۔ علاوہ ازیں برداشت اور رواداری کے فروغ کے عالمی دن پراپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ لوگوں کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے رواداری کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے ۔ نفرت، عدم برداشت اور نا اتفاقی کا خاتمہ محبت، برداشت اور اتفاق کے ساتھ ہی ممکن ہے ۔ رواداری اختیار کریں اوربرداشت کے راستے پر چلیں ، ہمیں معاشرے کو پر امن رکھنے کیلئے رواداری کی راہ پر چلنا ہوگا۔ نبی پاکؐ کی زندگی رواداری اور بردباری کا بہترین نمونہ ہے ۔ منفی رویوں سے نہ صرف خاندان بلکہ معاشرے تباہی کی طرف جاتے ہیں۔ معاشرے میں عدم برداشت کے رویوں کے سدباب کیلئے مثبت سوچ اور بہترین طرز عمل اپنانا ہوگا۔