عالمی برادری موسمی اقدامات کیلئے حقیقی عزم دکھائے :مصدق ملک
پاکستان موسمی خطرات کا سامنا کررہا،موسمیاتی مالی وسائل بڑھانا وقت کی اشدضرورت دنیا کا برفانی نظام تیزی سے تباہ ہو رہا ، اربوں انسان خطرے کی زدمیں :عالمی مکالمے سے خطاب
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،اے پی پی) ماحولیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی ہم آہنگی کے وفاقی وزیر سینیٹر ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے دنیا سے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی مالی وسائل کو بڑھانا اور خطرے سے دوچار ممالک کی مدد کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے ،عالمی برادری موسمی اقدامات کیلئے حقیقی عزم دکھائے ، پاکستان عالمی حرارتی گیسوں کے اخراج میں معمولی حصہ ڈالنے کے باوجود شدید موسمی خطرات کا سامنا کر رہا ہے ، جس سے ملک کی حساسیت اجاگر ہوتی ہے ، انہوں نے خبردار کیا کہ دنیا کا برفانی نظام بے مثال رفتار سے تباہ ہو رہا ہے ،جس کے باعث اربوں انسان خطرے سے دوچار ہیں، ہندوکش،قراقرم،ہمالیہ خطہ شدید برفانی پگھلاؤ اور آب و ہوا سے جڑے تباہ کن واقعات کا سامنا کر رہا ہے ،برازیل کے امازونی شہر بیلیم میں کوپ تیس کے موقع پر منعقدہ اعلیٰ سطحی موسمیاتی مالیاتی عالمی مکالمے میں اسلام آباد سے ورچوئل کلیدی خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ منصفانہ، قابلِ پیش گوئی اور آسانی سے دستیاب مالی وسائل موسمیاتی بحران سے نمٹنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں،اپنے خطاب میں ڈاکٹرمصدق ملک نے پاکستان کی حساسیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہم ایک ذمہ دار ملک کے طور پر موسمی تبدیلی کا مقابلہ کرنے کے لیے موافقت اور تخفیف کی پالیسی اقدامات پر عمل پیرا ہیں۔