مون سون:موسمیاتی مطابقت کا حامل انفراسٹرکچر بنائینگے :مصدق

 مون سون:موسمیاتی مطابقت کا حامل انفراسٹرکچر بنائینگے :مصدق

سیلاب سے قبل انخلا ،اثاثوں کی منتقلی کیلئے وارننگ سسٹمز مربوط کیا جائیگا آئندہ سال 26 فیصد سے زائد بارشیں متوقع ، چیئرمین این ڈی ایم اے

 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت صوبائی حکام کے ساتھ مل کر 250 روزہ شارٹ ٹرم منصوبے کے تحت ملک بھر میں آفات سے متعلق تمام ابتدائی وارننگ سسٹمز کو ضلعی اور تحصیل سطح  پر مربوط کرے گی تاکہ سیلاب سے قبل بروقت انخلا اور اثاثوں کی محفوظ منتقلی ممکن بنائی جا سکے ، کوشش ہے کہ آئندہ مون سون میں اتنا نقصان نہ ہو جو پہلے ہوا ،وزیراعظم نے ارلی وارننگ سسٹم کو فوری طور پر مربوط بنانے کی ہدایت کی ہے ،طویل مدتی حکمت عملی کے تحت پانچ سال میں موسمیاتی مطابقت کا حامل انفراسٹرکچر بنائینگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مشترکہ نظام مقامی انتظامیہ کو نہایت اہم وقت اور بروقت ردعمل دینے کے قابل بنائے گا جس سے آئندہ مون سون کے دوران نقصانات میں نمایاں کمی آئے گی ۔پریس کانفرنس میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں 2026 کے مون سون کے دوران بارشیں معمول سے 22 سے 26 فیصد زیادہ ہوں گی، جبکہ ہر سال موسمی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں