اربوں کا خسارہ ،پاکستان پوسٹ آفس کونئے بزنس پلان کی ہدایت
بزنس پلان منظور نہ ہونے پر نجکاری کا فیصلہ کیا جائے گا:کابینہ کمیٹی رائٹ سائزنگ سالانہ بجٹ 21ارب ، آمدنی 9 ارب ،پہلے پلان پروزارت مواصلات کاعدم اطمینان
اسلام آباد (ایس ایم زمان )وزارت مواصلات نے پاکستان پوسٹ آفس کو ادارے کا خسارہ ختم کرنے کے لئے نیا بزنس پلان تیار کرنے کی ہدایت دی ہے ، وزارت مواصلات نے پاکستان پوسٹ کے بنائے گئے بزنس پلان پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے ، بزنس پلان منظور نہ ہونے کی صورت میں کابینہ کمیٹی رائٹ سائزنگ کی سفارشات کے مطابق پاکستان پوسٹ آفس کی نجکاری کا فیصلہ کیا جائے گا،کابینہ کمیٹی رائٹ سائزنگ کے مطابق پاکستان پوسٹ آفس کا سالانہ بجٹ 21 ارب روپے سے زیادہ ہے ، جبکہ آمدنی 9 ارب روپے ہے ، پاکستان پوسٹ کو سالانہ اربوں روپے سے زیادہ خسارے کا سامنا ہے ، کابینہ کمیٹی رائٹ سائزنگ کی سفارشات کے مطابق پاکستان پوسٹ آفس کو فوری طور پر لازمی و ضروری اداروں کی فہرست سے نکال کر نجکاری والے اداروں میں شامل کیا جائے ، وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نئے بزنس پلان کے بعد پاکستان پوسٹ کی نجکاری موخر کرنے یا نجکاری کرنے کے لئے حتمی فیصلہ کے لیے وفاقی کابینہ کو بھجوائیں گے ۔