خواجہ آصف کو باجوہ پر بات نہیں کرنی چاہیے : حنیف عباسی
جو اپنے لئے فائدہ بھول جائے پھر وہ آج کی رجیم بارے بھی یہی کہے گا اسحاق ڈار نے کبھی نہیں کہا خواجہ آصف کیخلاف بات کرو :انٹرویو، گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی،مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ خواجہ آصف کو قمر باجوہ پر بات نہیں کرنی چاہیے کیونکہ وہ فائدہ لے چکے ہیں، جو اپنے لیے فائدہ بھول جائے پھر وہ آج کی رجیم سے متعلق بھی یہی کہے گا، نواز شریف اور فیلڈ مارشل کے گن گا رہا ہوں تو بعد میں بھی ایسا ہی کہوں گا، میری خواجہ آصف سے بول چال نہیں کیونکہ میں ایسا تعلق نہیں رکھتا۔
ٹی وی انٹرویو اور میڈیا سے گفتگو میں حنیف عباسی نے مزید کہا کہ شہباز شریف کے پاس اور بہت کام ہیں وہ صلح کیوں کرائیں گے، اسحاق ڈار کیساتھ روحانی تعلق ہے میں انہیں پیر صاحب کہتا ہوں، اسحاق ڈار نے کبھی نہیں کہا خواجہ آصف کے خلاف بات کرو۔انہوں نے مزید کہا کہ فیض حمید پاور میں تھے تو سمجھتے تھے مجھے کوئی نہیں دیکھ رہا، فیض حمید کی ریکارڈنگ ہورہی تھی اور وہ ساری چیزیں پکڑی گئیں، جس ادارے کی تقسیم کے خواب دشمن دیکھے اور اندر سے کوئی کرے تو پھر پکڑا تو جاتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اعلان کررہا ہوں فیلڈ مارشل عاصم منیر چیف آف ڈیفنس فورسزہیں، ہوسکتا ہے نوٹیفکیشن ہوگیا ہو، ہماری مرضی جب چاہیں اعلان کردیں۔