مختلف شہروں میں مبینہ مقابلے، مزید 20 منشیات فروش ہلاک
لاہور 4،گوجرانوالہ ،ٹوبہ، صادق آباد میں 2، 2،ننکانہ میں 6ملزم مارے گئے
لاہور (نمائندگان دنیا، نیوز ایجنسیاں )پنجاب کے مختلف شہروں میں سی ٹی ڈی کیساتھ مبینہ مقابلوں کے دوران مزید 20 منشیات فروش ہلاک ہو گئے ، لاہور میں 4،ننکانہ صاحب 6،گوجرانوالہ،صادق آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 2، 2، گجرات ،پھالیہ،ملتان اور عارفوالا میں ایک، ایک ملزم مارا گیا،5 کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن کی نشتر کالونی میں کارروائی کے دوران منشیات فروش نوید بلا اور انجم عرف انجواپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے جبکہ کاہنہ میں شاہدعرف شاہدی اور مجاہد حاجی نامی ملزم ہلاک ہوگئے ۔ گوجرانوالہ میں سی سی ڈی سے مقابلے میں منشیات اور آئس کے 2خطرناک ڈیلر خضر ساکن دھرم کوٹ اور صدیق ساکن قلعہ دیدار سنگھ ہلاک ہو ئے۔
تھانہ لدھیوالہ وڑائچ کے علاقہ قلعہ میاں سنگھ روڈ پر دومیل چوک میں سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلہ کے د وران موٹرسائیکل سوار ایک ڈاکو زخمی ہو گیا،جسے حراست میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ادھر گجرات میں سی سی ڈی سے علی الصبح مبینہ مقابلہ کے دوران لالہ موسی کا منشیات فروش شاہد حسین ہلاک ہو گیا ۔ دوسری طرف گوجرانوالہ میں تین روز قبل مارے جانیوالے لدھیوالہ وڑائچ کے منشیات فروش تنویر عرف تیرو اور رضوان عرف جانی وڑائچ کی لاشیں پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیں ۔ادھر ننکانہ صاحب کے تھانہ صدر کے مختلف علاقوں میں 3 مبینہ مقابلے ہوئے اور سی سی ڈی سے فائرنگ کے تبادلہ کے دوران مختلف مقدمات میں مطلوب عثمان، اکرم، عابد، ایوب، افضل اور خرم ہلاک ہو گئے ، مقابلہ کے دوران ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ۔دوسری طرف پاکپتن میں سی سی ڈی کیساتھ مبینہ مقابلے میں عارفوالہ کا بدنامِ زمانہ منشیات(آئس)ڈیلر بلال عرف BK ہلاک ہو گیا، ہلاک ملزم کے قبضہ سے 2 کلو چرس ، 1 کلو آئس اور ناجائز اسلحہ برآمد ہوا ۔
پھالیہ میں تھانہ قادر آباد کی حدود میں ڈھڈی پل دھپ سڑی کے قریب مبینہ مقابلے میں منشیات فروش اشرف ملاح دم توڑ گیا جبکہ ساتھی فرار ہو گیا۔ تھانہ سول لائن کے علاقہ آہلہ کے قریب پولیس سے مقابلہ میں ملزم شہباز شیخ زخمی ہوا جسے گرفتار کرکے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ ملتان کے نواحی علاقے بھنڈی پل کے نزدیک سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے میں منشیات فروشی سمیت سنگین مقدمات میں ملوث ملزم عادل ضیا ء ہلاک ہوگیا ۔ سی سی ڈی ٹیم نے پل طارق آباد کے نزدیک مبینہ مقابلہ کے بعدزخمی ہونیوالے ڈاکو علی عمران ، سی سی ڈی لودھراں اور خانیوال ملتان ریجن نے الگ الگ مقابلوں میں دلاور حسین اور محمد ظفر کوبھی زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ۔ صادق آباد میں سی سی ڈی سے مقابلے میں بدنام منشیات فروش رمضان اور عامر ہلاک ہو گئے ۔
ٹو بہ ٹیک سنگھ میں سی سی ڈی ٹیم کے ساتھ چک نمبر287گ ب کے قریب مقابلہ میں ساتھیوں کی فائرنگ سے منشیات فروش شکیل عرف مٹھا سکنہ چک نمبر 320 ج ب ہلاک ہو گیا ،جبکہ تھانہ رجانہ کے علاقہ چک نمبر 271 گ ب لنک روڈ پر پولیس کی زیر حراست ملزم ارشاد سکنہ سمندری کو 4 نا معلوم موٹرسائیکل سوار ساتھیوں نے چھڑوانے کے لئے پولیس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں ارشاد جاں بحق ہو گیاجبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے ۔ سی سی ڈی حکام نے کہاہے کہ منشیات سے پاک پنجاب"کے وژن کے تحت کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔