این ایچ اے لیاری ایکسپریس وے کو ماڈل شاہراہ بنائیگا : عبدالعلیم
لائننگ اور لائٹنگ کا کام جلد مکمل ،ایم ٹیگ اور دیگر سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت بلوچستان کی شاہراہ این25پاکستان ایکسپریس وے پر کام کا آغاز کر دیا :وزیرمواصلات
اسلام آباد(نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ این ایچ اے لیاری ایکسپریس وے کو ماڈل شاہراہ بنائے گا، لیاری ایکسپریس وے کراچی بھر کی خوبصورت ترین سڑک ہو گی، عبدالعلیم خان نے کہا کہ شاہراہ کی سکیورٹی اور صفائی کو خصوصی طور پر یقینی بنائیں، این ایچ اے کا رول ماڈل لیاری ایکسپریس وے ہو گا، عبدالعلیم خان نے ان خیالات کا اظہار لیاری ایکسپریس وے کے دورے کے موقع پر حکام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے پر لائننگ اور لائٹنگ کا کام جلد مکمل کیا جائے ، وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ایم ٹیگ اور دیگر سہولیات کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔دریں اثنا این ایچ اے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے بلوچستان کی شاہراہ این25پاکستان ایکسپریس وے پر کام کا آغاز کر دیا ہے ، 800کلومیٹر طویل یہ شاہراہ کراچی، کوئٹہ، چمن جیسے اہم روٹ کو منسلک کرے گی اور اس لحاظ سے بھی اہمیت کی حامل ہے کہ اس شاہراہ کی تعمیر کا اعلان وزیر اعظم نے اس سال کیا تھا۔