ماحولیات:موجودہ حکومت کو کافی حد تک مسائل کا ادراک:لاہور ہائیکورٹ
بطور جج میری بھی کچھ حدود ہیں، پارلیمان کی پالیسی سازی میں نہیں جاسکتا:جسٹس شاہد کریم ،دوران سماعت ریمارکس احتجاج کرنیوالے ٹرانسپورٹرز کے لائسنس معطل اور گاڑیاں بند کرنے کا حکم ، انسداد سموگ کی درخواستوں پر سماعت ملتوی
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک کیلئے درخواستوں پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی، عدالت نے احتجاج کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے لائسنس معطل اور گاڑیاں بند کرنے کا حکم دیدیاجبکہ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس میں کہا کہ بطور جج میری بھی کچھ حدود ہیں، میں پارلیمان کی پالیسی سازی میں نہیں جاسکتا، موجودہ حکومت کو کافی حد تک مسائل کا ادراک ہے ، یہ حکومت پہلے والی حکومتوں کی نسبت ماحولیات کے مسئلے کو زیادہ بہتر سمجھتی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت کی، دوران سماعت ممبر جوڈیشل کمیشن نے بتایا کہ این جی او کی مدد سے درختوں کو منتقل کیا گیا۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ 123درخت ٹرانسپلانٹ ہوگئے ، پی ایچ اے کو پتہ ہی نہیں چلا ،میرے پاس تصاویر موجود ہیں جس میں درخت کٹے نظر آرہے ہیں درختوں کی کٹائی کا سلسلہ بند ہونا چاہیے ، ایسا نہیں چل سکتا ۔جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس میں مزید کہا کہ اگر لوگ کسی پروجیکٹ کے خلاف احتجاج کریں تو انکو گائیڈ کریں کہ پراجیکٹس سے کیا فائدہ ہے ، لوگوں کو آئسولیٹ نہ کریں یہ جمہوریت ہے جیسی بھی ہے ۔ جسٹس شاہد کریم نے مزید کہا کہ بڑی گاڑیوں پر کریک ڈاؤن اچھا قدم ہے ، اسے جاری رہنا چاہیے ، ایئر کوالٹی انڈیکس میں بہتری آئی ، سرکاری وکیل اتوار کو مکمل کمرشل فری بنانے کے حوالے سے بھی بات کریں، اچھی بات ہے کہ سردیوں کی چھٹیاں دو ہفتوں کی ہوئی ہیں ۔دوران سماعت سرکاری وکیل نے بتایا کہ ہیوی ٹرانسپورٹ والوں نے کریک ڈاؤن کے خلاف ہڑتال کی کال دیدی ہے ۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ہڑتال کی پرواہ نہ کریں، ان کے لائسنس معطل کریں۔عدالت نے آئندہ سماعت پر مختلف محکموں سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کارروائی ملتوی کردی۔