پی ٹی آئی نے موقع گنوادیا ،بات کی گنجائش نہیں:عطا تارڑ
اپنے لیڈر کے بیانات پر معذرت ،شرمندگی کا اظہارکریں پھر غورکیا جاسکتا جیل ملاقات بند، ملک کیخلاف بیانیہ پر مقدمات بنیں گے :ٹونائٹ ود ثمر عباس
اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے پی ٹی آئی نے موقع گنوادیا اب بات چیت کی کوئی گنجائش نہیں، ان کو اب جیل ملاقات اور مجمع اکٹھاکرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔یہ نہیں فوج کو گالیاں دیں ، سربراہ کے خلاف باتیں کریں،بھارتی،افغانی چینل کو آپ پروموٹ کریں،جو ملاقات کرکے آئے وہ انٹرو یو کیلئے بھارتی چینل پر بیٹھ جائے ، جس فوج نے جنگ جیتی، پاکستان کی پوری دنیا میں عزت ہوئی، یہ سپیس پیدا کرنا چاہتے ہیں بھارت،افغانستان کیلئے ، پی ٹی آئی کے لوگ یہ کہیں ہمارا لیڈر ٹھیک رہے ، ملک بعد میں ہے ، یہ نہیں ہوسکتا،ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹھیک کہا ہے بانی پی ٹی آئی اپنے بچوں کو بلائے ،انہیں فوج میں بھرتی کرے ، ان کو پتا لگے کہ قربانی دینا کیا ہوتا ہے ،انہوں نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے ،اب یہ نہیں چل سکتا ،اب یہ فیصلہ ہوچکا ہے ان کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ملک کو مزید نقصان پہنچائیں۔دنیا نیوز کے پروگرام ٹونائٹ ود ثمر عباس اور ایک ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی ملک کے لیے خطرہ ہیں اور ملک کونقصان پہنچانا چاہتے ہیں وہ اور ان کی پارٹی ملک کو ڈیفالٹ کروانا چاہتی تھی۔
ملک کو ڈیفالٹ کروانے کے لیے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے گئے ۔عطاتارڑ کا کہنا تھا 9 مئی کو فوج کی تنصیبات پرحملے کیے گئے ،جوکام دشمن بھی نہیں کرتا وہ پی ٹی آئی نے کیے ، بانی پی ٹی آئی پاکستان کی سالمیت کے لیے خطرہ ہیں، ان کو اپنا سیاسی مستقبل نظرنہیں آرہا اس لیے وہ ایسا بیانیہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا قیدی کی ملاقات قانون اورضابطے کے مطابق ہوتی ہے ، کوئی ملاقات نہیں ہے ، ملاقات بند ہے ، جیل کے باہرکسی نے امن وامان خراب کرنے کی کوشش کی تومقدمات ہوں گے ، آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ اب ریاست کی رٹ بحال کرنے کا وقت ہے ۔ان کا کہنا تھا جیل سپرنٹنڈنٹ نے رپورٹ کیا کہ ملاقات میں سیاسی گفتگو اورسیاسی ہدایات بھی دی گئیں، اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ جیل سے بیٹھ کردشمن کے ایجنڈے کوآگے بڑھایا جائے ۔عطا تارڑ سے سوا ل کیا گیا کہ کیا اب پی ٹی آئی کے ساتھ مفاہمت کا وقت ختم ہوگیا، اب کوئی گنجائش نہیں؟ ۔جس پر عطا تارڑ نے جواب دیا انہوں نے موقع گنوادیا، اب کسی انتشاری، دہشت گرد، انتہاپسند سوچ رکھنے والے سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی، بانی پی ٹی آئی کے بغیربات کرنی ہے توپارلیمنٹ میں ضروربات کریں۔انہوں نے کہا آئیں معذرت کریں اور کہیں کہ آپ کے لیڈر نے ایسے گندے بیانات دئیے ہیں، شرمندگی کا اظہارکریں پھر غورکیا جاسکتا ہے ۔عطا تارڑ کا کہنا تھا انہوں نے اپنا موقع گنوادیا ہے اس کے سوا اب بات چیت کی کوئی گنجائش نہیں۔
وفاقی وزیر نے بتایا پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی ہمیں کہتے ہیں انہیں بانی پی ٹی آئی نے پھنسادیا ہے ، بانی انتہاپسند ، اسامہ بن لادن کو شہید کہتا ہے ، بانی طالبان کی سوچ رکھتا اور دہشت گردوں کو اپنا دوست مانتا ہے ، اس انتہاپسند شخص کو جنگی جنون سوار ہے ، اس کی اپنی جماعت کے لوگ انہیں کتنا برداشت کریں گے ؟ ۔پی ٹی آئی کے لوگ ان کے بیانیے کے ساتھ نہیں کھڑے ۔انہوں نے کہا ہمارے پاس خیبرپختونخوا میں گورنرراج کا سنجیدہ آپشن موجود ہے ، ملک کے خلاف بیانیہ بنانے والوں کے خلاف مقدمات درج ہونگے ، ان کا اب کوئی مستقبل نہیں، ان کا سیاسی سپیس اوربیانیہ محدود کیا جائے گا۔عطاتارڑ نے پی ٹی آئی پرپابندی کے سوال پرجواب دیا مرے ہوئے کو کیا مارنا ،ان کے پاس نہ نشان ہے نہ جماعت ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا اﷲ تارڑ نے کہا بھارتی میڈیا کو جھوٹ کے سوا کچھ نہیں آتا، اڈیالہ جیل کے باہر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں، جو بھی جیل رولز کی خلاف ورزی کرے گا اسے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کے گرد گھیرا تنگ ہوگاجنہوں نے فوج کے خلاف پروپیگنڈا کیا ان کے خلاف کارروائی ہو گی۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا بڑے بڑے سینئر صحافیوں کو قوم سے معافی مانگنی چاہئے ، انہوں نے چائے کی پیالی میں طوفان برپا کیا ہوا تھا۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا سٹرکچرل تبدیلیاں کرکے اپنے دشمن کوخوفزدہ کردیا ہے ۔