پیپلز پارٹی ہمیشہ تاجر برادری کے ساتھ کھڑی رہی :گورنر
کاروباری افراد کا مشکلات کے باوجود سرمایہ کاری کرنا لائق تحسین :وفد سے گفتگو
لاہور (سپیشل رپورٹر )گورنر پنجاب سردار سلم حیدر خان سے عابد علی بٹ صدر پاکستان اکنامک موومنٹ ففتھ پلر کی سربراہی میں وفدنے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان کی معاشی بہتری اور معاشی پالیسیوں کے ریفارمز سے متعلق اہم نکاتپر گفتگو کی گئی۔گورنر کا کہنا تھا کہ معاشی پالیسیاں بناتے وقت کاروباری برادری کے نمائندوں کے ساتھ مشاورت کرنا بہت ضروری ہے ۔ بزنس کمیونٹی ملک کی معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کاروباری برادری کے ملک کی معیشت میں مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ کاروباری افراد کا مشکلات کے باوجود ملک میں سرمایہ کاری لانا لائق تحسین ہے ۔ ملک میں معاشی ترقی کے لیے کاروباری برادری کو سازگار ماحول فراہم کرنا بہت ضروری ہے ۔ گورنر پنجاب نے وفد کی طرف سے بتائے گئے مسائل کو متعلقہ حلقوں تک پہنچانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔