اسلام آباد: 68 مقامات کے رہائشی و کمرشل پلاٹوں کی نئی ویلیوایشن جاری : ای 7، ایف 7 اور 6 مہنگے ترین سیکٹر

اسلام آباد: 68 مقامات کے رہائشی و کمرشل پلاٹوں کی نئی ویلیوایشن جاری : ای 7، ایف 7 اور 6 مہنگے ترین سیکٹر

ای 7میں 6لاکھ، ایف 7اور 6میں 5لاکھ، ایف 8میں ساڑھے 4لاکھ، ایف 10،11جی 6میں ساڑھے 3لاکھ ریٹ کمرشل اوپن پلاٹ فی مربع گز ویلیوایشن ڈی 12،ا ی 11میں 10لاکھ، ای 7، ایف 6، 7، 8میں 25لاکھ مقرر کی گئی سی جی ، ودہولڈنگ ٹیکس میں بھی ردوبدل ہو گا، نئی قیمتوں کے اطلاق سے پراپرٹی لین دین میں شفافیت آئیگی ، ایف بی آر

اسلام آباد(مدثرعلی رانا)ایف بی آر نے اسلام آباد میں 68 مقامات کے رہائشی و کمرشل پلاٹوں کیلئے نئی ویلیوایشن جاری کر دی، وفاقی دارالحکومت میں جائیداد کی خرید و فروخت کیلئے نئی ویلیوایشن ریٹس کا اطلاق کر دیا گیا ہے ، جس کے بعد اسلام آباد کی مختلف رہائشی، تجارتی اور دیہی علاقوں میں غیر منقولہ املاک کی فیئر مارکیٹ ویلیو کا تعین نئی شرحوں کے مطابق کیا جائے گا، ایف بی آر کے مطابق نظرثانی شدہ ویلیوایشن سے اسلام آباد میں جائیداد کی خرید و فروخت، کیپیٹل گین ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس میں بھی ردوبدل ہو گا، نئی قیمتوں کے نفاذ سے اسلام آباد میں جائیداد کے لین دین میں شفافیت آئے گی اور ٹیکس آمدن میں اضافہ متوقع ہے رئیل اسٹیٹ ڈویلپرز، سرمایہ کاروں، خریداروں اور فروخت کنندگان کو اب نئی ویلیوایشن ٹیبلز کے مطابق قانونی ضابطوں اور ٹیکس قوانین کی مکمل پابندی پر عملدرآمد کرنا ہو گا۔

ایف بی آر ایس آر او 2390 کے مطابق اسلام آباد میں 68 مقامات کیلئے رہائشی و کمرشل پلاٹوں کیلئے نئی ویلیوایشن کی گئی ہے مہنگے ترین علاقوں میں ای 7 میں 6 لاکھ، ایف 7 اور 6 میں 5 لاکھ، ایف 8 میں 4 لاکھ 50 ہزار، ایف 10 اور 11، جی 6 میں 3 لاکھ 50 ہزار، ڈی 12 اور آئی 8 میں 2 لاکھ 50 ہزار، ای 11، جی 8 اور جی 9 میں 1 لاکھ 80 ہزار، جی 10 میں 1 لاکھ 60 ہزار، جی 7 میں 1 لاکھ 40 ہزار، سی 14 میں 1 لاکھ روپے سے ز ائد اوپن فی مربع گز ویلیوایشن مقرر کی گئی ہے ،چک شہزاد میں ایک کنال فارم کی زیادہ سے زیادہ قیمت 1 کروڑ 12 لاکھ، آرچرڈ سکیم میں 1 کروڑ 40 لاکھ، گلبرگ گرین میں 1 کروڑ 75 لاکھ 50 ہزار روپے اور آئی 9 اور 10 میں انڈسٹریل ایریا میں فی کنال کی نئی ویلیوایشن 1 کروڑ 80 لاکھ روپے تک کی گئی، ایس آر او کے مطابق کمرشل اوپن پلاٹ کی زیادہ سے زیادہ فی مربع گز ویلیوایشن ڈی 12 اور ای 11 میں 10 لاکھ، ای 7، ایف 6، 7، 8 میں 25 لاکھ، ایف 10 اور 11 میں 22 لاکھ، جی 5، 6، 7، 8 اور 9 میں 18 لاکھ روپے تک مقرر کی گئی ہے ، ایف بی آر کے اس اقدام کا مقصد جائیداد کی ظاہر کردہ مالیت کو حقیقی مارکیٹ قیمتوں کے قریب لانا اور وفاقی دارالحکومت کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں شفافیت اور ٹیکس کمپلائنس کو بہتر بنانا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں