آئینی بینچ :مونس علوی کوعہدے سے ہٹانے سے متعلق فیصلے کیخلا ف اپیل کی سماعت سے معذرت
کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے عہدے سے ہٹانے کے صوبائی محتسب کے فیصلے کے خلاف کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی کی دائر اپیل کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے معاملہ دوسرے بینچ کو ارسال کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی۔ دوران سماعت مونس علوی عدالت میں پیش ہوئے تاہم ان کے وکیل بیرسٹر عابد زبیری کی موجودگی کے باعث جسٹس یوسف علی سعید نے کیس سننے سے معذرت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اپیل کو دوسرے بینچ کے سامنے مقرر کیا جائے ۔ واضح رہے کہ صوبائی محتسب نے ہراسانی کی شکایت پر مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے اور جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے خلاف سی ای او کے الیکٹرک نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ سندھ ہائیکورٹ پہلے ہی صوبائی محتسب کا عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ معطل کرچکی ہے۔