اڈیالہ جیل کا قیدی الطاف پارٹ ٹو بن چکا : عظمیٰ بخاری

اڈیالہ جیل کا قیدی الطاف پارٹ ٹو بن چکا : عظمیٰ بخاری

ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کے بعد کچھ لوگوں کی دم پر پاؤں آیا عمران خان بات نہیں کرنا چاہتے تو ہم بھی نہیں کریں گے ، پریس کانفرنس

لاہور (سیاسی نمائندہ)وزیرِ اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کھلواڑ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اڈیالہ جیل کا قیدی اب الطاف پارٹ ٹو’ بن چکا ہے ، فتنہ خان کی سیاست اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے ۔ پنجاب اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر محبِ وطن کے لیے ریڈ لائن ہے ، کسی سیاسی جماعت پر  پابندی یا گورنر راج کے حق میں نہیں ہوں لیکن اگر یہ سلسلہ نہ رکا تو ایسے آپشنز استعمال ہوسکتے ہیں۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ کی دیواروں نے ذہنی مریض بنا دیا ہے اور اس کا علاج ہمیں آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہی شخص ہے جس نے کہا تھا کہ میری حکومت گرانے سے بہتر تھا ایٹم بم گرا دیتے اور پاکستان کے تین ٹکڑے ہوجائیں گے ۔ اب دوسروں کا اے سی اتروانے والا خود مظلوم بنا ہوا ہے ، جو سراسر ڈرامہ ہے ۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی حالیہ پریس کانفرنس کے بعد کچھ لوگوں کی دم پر پاؤں آیا ہے ۔کے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں کے وزیر اعلیٰ کا مینڈیٹ عوام کی فلاح نہیں، بلکہ اڈیالہ کی مجاوری اور انتشار کی سیاست ہے ۔ فتنہ و فساد کی سیاست کا ایندھن بننے سے انکار پر کے پی عوام کو سلام ہے ۔ اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان سیاسی لوگوں سے بات نہیں کرنا چاہتے تو ہم بھی ان سے بات نہیں کریں گے ۔آخر میں انہوں نے کہا کہ اڈیالہ میں قید بانی پی ٹی آئی لاعلاج دماغی و جسمانی کیفیت میں ہیں، اور اگر علاج کی ضرورت پڑی تو ہمیں علاج کرنا آتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں