پارلیمنٹ و لاجز میڈیکل سینٹر: ساڑھے پانچ ماہ میں اراکینِ پارلیمنٹ ، افسران کی ادویات پر 6کروڑ 57لاکھ خرچ
اسلام آباد (ایس ایم زمان) پارلیمنٹ ہاؤس اور پارلیمنٹ لاجز میڈیکل سینٹر نے رواں مالی سال 2025-2026کے ساڑھے پانچ ماہ میں اراکینِ پارلیمنٹ اور افسران کے لیے ادویات کی خریداری پر 6کروڑ 57لاکھ روپے خرچ کر دئیے۔
وفاقی وزارتِ خزانہ کی جانب سے اراکینِ پارلیمنٹ اور افسران کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس و لاجز ڈسپنسری کا الگ بجٹ مختص کیا جاتا ہے ، پارلیمنٹ و لاجز میڈیکل سینٹر میں پولی کلینک کے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف تعینات ہے ،ذرائع کے مطابق وزارتِ خزانہ، اراکینِ پارلیمنٹ اور سرکاری افسران کو ملنے والے میڈیکل الاؤنس کے علاوہ پارلیمنٹ و لاجز میڈیکل سینٹر کے لئے ادویات کی خریداری کی مد میں بھی خطیر رقم مختص کرتی ہے ، موجودہ مالی سال میں وفاقی وزارتِ خزانہ نے پارلیمنٹ ہاؤس و لاجز میڈیکل سینٹر کے لئے ادویات کی خریداری کی مد میں 16 کروڑ 50 لاکھ 11 ہزار روپے منظور کئے ہیں۔