چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی پولیس اہلکاروں کو خرچہ ادا کرنیکی ہدایت
اہلکار سرکاری خرچے پر آئے گورنمنٹ آفیشلزہیں:اے او آر کی التوا کی درخواست پر مکالمہ
اسلام آباد (حسیب ریاض ملک)چیف جسٹس سپریم کورٹ یحییٰ آفریدی نے اے او آر کی التوا کی درخواست پر وکیل کو خانیوال سے آئے پولیس اہلکاروں کو خرچہ ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا یہ پولیس اہلکار سرکاری خرچے پر آئے گورنمنٹ آفیشلز ہیں۔ دو رکنی بینچ نے مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے پر نوکری سے برخاست کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ چیف جسٹس نے معاون وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ اے او آر ہیں، آدھے گھنٹے بعد آپ کو سن لیں گے ۔
معاون وکیل نے جواب دیا میرے پاس بریف نہیں، ایڈووکیٹ آن ریکارڈ کا مسئلہ حقیقی ہے اسے ڈینگی ہوا ہے ۔ چیف جسٹس نے کہا وکیل موجود ہیں آپ کو بریف دے دیتے ہیں، آدھے گھنٹے بعد آپ کو سن لیں گے ، قبل ازیں چیف جسٹس نے پولیس اہلکاروں سے پوچھا کہ آپ کہاں سے آئے ہیں؟ پولیس اہلکاروں نے جواب دیا خانیوال سے آئے ہیں، چیف جسٹس نے کہا آنے جانے کا خرچہ ٹوٹل کر کے بتا دیں یہ آپ کو ادا کریں گے ۔ معاون وکیل نے چیف جسٹس سے استدعا کی کہ سر اس دفعہ کوئی مہربانی کریں، اگلی دفعہ خود خیال کریں گے ۔