پاک چین مشترکہ انسدادِ دہشت گردی مشق ’’واریئر نائن‘‘جاری

 پاک چین مشترکہ انسدادِ دہشت گردی مشق ’’واریئر نائن‘‘جاری

چینی سفیر ،چیف آف جنرل سٹاف نے ڈرلز کا مشاہدہ کیا ،بلندمورال پرخراج تحسین مشترکہ مشق پاکستان چین دفاعی تعاون کی مضبوطی کا ثبوت ہے :آ ئی ایس پی آر

 راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر) پاکستان آرمی اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان مشترکہ انسدادِ دہشت گردی مشق واریئر نائن 28نومبر سے 14 دسمبر 2025 تک جاری ہے جو انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں باہمی تعاون، ہم آہنگی اور آپریشنل انٹرآپریبلٹی کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے منعقد کی جا رہی ہے ۔قومی مرکز برائے انسدادِ دہشت گردی پبی میں گزشتہ روز ڈسٹنگوشڈ وزیٹرز ڈے کی تقریب ہوئی ، مہمانِ خصوصی چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ تھے ،پاکستان آرمی کے چیف آف جنرل سٹاف نے مہمانِ اعزاز کے طور پر شرکت کی۔

بعد ازاں شرکا نے دونوں ممالک کے دستوں کی جانب سے پیش کیے گئے مختلف انسدادِ دہشت گردی آپریشنل ڈرلز کا مشاہدہ کیا اور پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیت اور بلند مورال پر بھرپور تحسین کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ مشترکہ مشق نہ صرف پاک چین دفاعی تعاون کی مضبوطی کا ثبوت ہے بلکہ دونوں ممالک کی مسلح افواج کے اس عزم کی بھی تجدید کرتی ہے کہ خطے میں امن، استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مل کر کام جاری رکھا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں