این ایف سی ایوارڈ تمام اکائیوں کا حق،گلگت و آزاد کشمیر کو بھی حصہ ملنا چاہئے:نواز شریف

این ایف سی ایوارڈ تمام اکائیوں کا حق،گلگت و آزاد کشمیر کو بھی حصہ ملنا چاہئے:نواز شریف

وزیراعظم سے بات کرونگا،پنجاب حکومت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی،ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت یقینی بنائی جائے چاہتے ہیں ن لیگ گلگت بلتستان میں کامیابی حاصل کرے ، ہرامیدوار کو سنا جائیگا ٹکٹ کا فیصلہ میرٹ پر ہوگا،خطاب

اسلام آباد (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ تمام اکائیوں کا حق ہے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کواین ایف سی ایوارڈ کے تحت فنڈز ملنے چاہئیں، ہم نے صوبوں میں جو سرمایہ کاری کی ہے اس کے مقابلے میں این ایف سی ایوارڈ بھی پیچھے رہ جائے گا۔مسلم لیگ (ن) کی آزاد کشمیر سے متعلق قائم سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس کی صدارت نواز شریف نے کی۔ اجلاس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے سیاسی حالات، آئندہ عام انتخابات اور تنظیمی معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت شاہ غلام قادر کی سربراہی میں شریک ہوئی جبکہ گلگت بلتستان سے حافظ حفیظ الرحمن سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس میں رانا ثنا اللہ، مریم اورنگزیب، احسن اقبال، امیر مقام، پرویز رشید ، برجیس طاہر بھی موجود تھے ۔ نواز شریف نے شاہ غلام قادر اور آزاد کشمیر قیادت کی دعوت پر اگلے ماہ دو روزہ دورہ آزاد کشمیر کا اعلان کیا دورے کے دوران تنظیمی امور، انتخابی تیاریوں اور عوامی رابطہ مہم کو حتمی شکل دیئے جانے کا امکان ہے ۔قائد حزبِ اختلاف شاہ غلام قادر نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو این ایف سی ایوارڈ میں شامل کرنے کی درخواست پیش کی۔

ذرائع کا کہنا ہے نواز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ اس معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف سے بات کرونگا۔نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کواین ایف سی ایوارڈ کے تحت فنڈز ملنے چاہئیں۔ان کا کہنا تھا آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں وفاق پیسے دے بھی تو ٹھیک طریقے سے خرچ نہیں ہوتے ، این ایف سی ایوارڈ کے پیسوں کے استعمال کا ادراک بھی ہونا چاہیے ، ایوارڈ بھیک نہیں یہ تو حق ہے ۔انہوں نے کہا پنجاب میں آئیں تو نظر آتا ہے کہ یہ ترقی کرتا صوبہ ہے ، خیبرپختونخوا، آزادکشمیر، گلگت بلتستان سے لوگ علاج کیلئے پنجاب آرہے ہیں۔انہوں نے کہا پنجاب حکومت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے ، پنجاب تیزی سے ترقی کی مزید منزلیں طے کر رہا ہے ۔نواز شریف نے کہا ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے ۔ نوازشریف نے کہا چاہتے ہیں مسلم لیگ ن گلگت میں کامیابی حاصل کرے ، بہت سے لوگ ٹکٹ کیلئے آئیں گے ہمیں پہچان رکھنی ہے کون اپنا ہے اورکون پرایا ہے ، امیدواروں کی جیت کیلئے سب کو مل کرنا کام کرنا ہوگا۔ ہرامیدوار کو سنا جائے گا ٹکٹ کا فیصلہ میرٹ پر ہوگا، پارٹی میں اندرونی لڑائیوں کو برداشت اور پارٹی اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، فضا بہت اچھی ہے ، انتخابات کے نتائج اچھے آنے چاہئیں۔ان کا کہناتھا 31دسمبر تک امیدواروں سے درخواستیں وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں