متحدہ نے بھی نئے صوبوں کی تجویز کی حمایت کر دی
نئے صوبے عوامی مسائل کے حل کیلئے ناگزیر ، کم از کم 12 بننے چاہئیں:امین الحق انتظامی سطح پر تقسیم وقت کی ضرورت ، دھرتی ماں صوبہ نہیں، پاکستان ہے :گفتگو
اسلام آباد(این این آئی)ملک میں نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ زور پکڑ گیا،متحدہ قومی موومنٹ پاکستان(ایم کیو ایم )بھی استحکامِ پاکستان پارٹی کی ہم آواز بن کر عبدالعلیم خان کی تجویز کی حمایت میں سامنے آگئی۔ایم کیو ایم کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی امین الحق نے ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ نئے صوبے ملک اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ناگزیر ہو چکے ہیں، ملک میں کم از کم 12 صوبے بننے چاہئیں، کیونکہ بھارت، بنگلادیش سمیت دیگر ممالک بھی انتظامی بہتری کیلئے اپنے صوبے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام پر ہمیشہ تنازع رہا ہے ، حالانکہ مسائل کے حل کیلئے انتظامی سطح پر تقسیم وقت کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ میری دھرتی ماں میرا صوبہ نہیں، پاکستان ہے ، لاڑکانہ والے کو اپنے مسائل کے حل کیلئے کراچی آنے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے ، یہی وجہ ہے کہ پنجاب اور سندھ ہی نہیں بلکہ ملک بھر میں نئے صوبے بننے چاہئیں۔ایم کیو ایم نے واضح طور پر مطالبہ کیا کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عوامی سہولت کیلئے ملک میں مزید صوبے قائم کئے جائیں۔