بجلی کی ترسیل کار اور پیداواری کمپنیوں کی نجکاری کا عمل تیز کیا جائے : شہباز شریف
دانش یونیورسٹی میں اعلیٰ معیار کی ریسرچ اور فیکلٹی تعینات کی جائے ،اجلاس سے خطاب
اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے بجلی کے نظام کی نجکاری کے ذریعے ملک میں مسابقت پر مبنی بجلی کی مارکیٹ کی تشکیل ہی ملک میں توانائی کے مسائل کا پائیدار حل ہے ،بجلی کی ترسیل کار کمپنیوں(ڈسکوز)اور پیداواری کمپنیوں (جنکوز)کی نجکاری کا عمل تیز کیا جائے ۔بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بجلی کی ترسیل کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے متعلقہ ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا بجلی کے نظام کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بیٹری انرجی سٹوریج سسٹم پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور نجی شعبے کی شمولیت سے کام شروع کیا جائے ۔اجلاس میں وزیراعظم کو بجلی کی پیداوار، ترسیل، ڈسکوز اور جنکوز کی نجکاری اور پاور سیکٹر میں دیگر اصلاحات کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا تین ترسیل کار کمپنیوں فیسکو، آئیسکو اور جپکوکی نجکاری کے حوالے سے اقدامات جاری ہیں اور اس حوالے سے ایکسپریشن آف انٹرسٹ جلد شائع ہوں گے ۔ بجلی کی ترسیل کے نظام کی بہتری کے لیے 500 کے وی کی غازی بروتھا - فیصل آباد ٹرانسمشن لائن کا پی سی ون منظوری کے مراحل میں ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے دانش یونیورسٹی میں اعلیٰ معیار کی ریسرچ اور فیکلٹی کو تعینات کرنے کے لئے حکمت عملی بنائی جائے۔ دانش یونیورسٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا دانش یونیورسٹی ٹیکنالوجی اور جدید علوم کے فروغ پر توجہ مرکوز کرے گی۔
وزیراعظم نے دانش یونیورسٹی کی عمارت کو سادہ اور پر وقار طرز پر تعمیر کرنے کی ہدایت کی اور کہا تعمیر کے حوالے سے اچھی شہرت اور متعلقہ تجربہ رکھنے والے کنٹریکٹرز کو پری کوالیفائی کیا جائے اور یونیورسٹی میں داخلے کے حوالے سے ملک بھر کے دور دراز علاقوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے لائق اور مستحق طلبا کو موقع دیا جائے ۔بریفنگ میں بتایا گیا دانش یونیورسٹی کا چارٹر وزارت قانون و انصاف سے منظور ہو چکا جو منظوری کے لئے کابینہ اور پارلیمنٹ کو بھیجا جائے گا۔مستحق طلبا کے لئے دانش یونیورسٹی میں داخلے کے حوالے سے ٹریننگ کیمپس شروع کئے جائیں گے ۔ شہباز شریف نے سٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں 50 بیسز پوائنٹس میں کمی پر اظہار اطمینان کیا اور اس اقدام کو کاروباری برادری اور عام آدمی کی بہتری کا پیش خیمہ قرار دیتے ہوئے کہا اللہ کے فضل و کرم سے حکومتی معاشی ٹیم کی محنت رنگ لا رہی ہے ۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا ملک میں معاشی استحکام ہے اور پاکستان ترقی کی سمت میں گامزن ہے عوام کو جس قدر ممکن ہے ریلیف فراہم کر رہے ہیں۔