ڈی آئی خان : سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 7 خوارج ہلاک، 1 اہلکار شہید
کلاچی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن ،اسلحہ بھی برآمد ، انسدادِ دہشتگردی کی مہم جاری رہے گی:آئی ایس پی آر پنجگور میں 2بینکوں میں ڈاکے ، فائرنگ،سی ٹی ڈی اہلکار،راہگیر شہید،3اہلکار زخمی،ملزم گاڑیوں پرفرار
اسلام آباد،کوئٹہ، راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر، نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک) سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ ایک اہلکار شہیدہوگیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 15 دسمبر کو سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ڈیرہ اسماعیل خان ضلع کے علاقے کلاچی میں کارروائی کی، یہ کارروائی بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی ، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 7 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ مادرِ وطن کے بہادر سپوت نائیک یاسر خان دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔
ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے ۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ‘‘عزمِ استحکام’’ کے وژن (نیشنل ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری کے مطابق) ، انسدادِ دہشت گردی کی بلا تعطل مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔ادھروزیرِ اعظم نے آپریشن کے دوران سات خارجیوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے بہادر افسران و جوانوں کی ارض وطن کی خاطر عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔
دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے ۔دریں اثنا بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے چتکان بازار میں بسم اللہ چوک کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے 2 بینکوں میں لوٹ مارکی ، اطلاع پر سی ٹی ڈی کے ایس پی اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے ۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سی ٹی ڈی اہلکار شہید جبکہ تین اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ ایک راہگیر بھی گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا ۔پولیس کے مطابق مسلح افراد دو بینک لوٹنے کے بعد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر فرار ہوئے۔