ملک گیر انسداد پولیو مہم شروع،ساڑھے 4 کروڑ بچے ہدف

 ملک گیر انسداد پولیو مہم شروع،ساڑھے 4 کروڑ بچے ہدف

نومبر میں انسداد خسرہ روبیلا ،پولیو مہم کے بعد رواں سال کی یہ آخری مہم ملک بھر میں اب تک 30پولیو کیسز رپورٹ ، گزشتہ سال تعداد 74تھی

 اسلام آباد،راولپنڈی (نیوز رپور ٹر ، خصوصی نامہ نگار) پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام نے پانچ سال سے کم عمر 4کروڑ 50 لاکھ بچوں کو انسداد پولیوکے قطرے پلانے کے لیے ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کر دیا ہے ۔ یہ سال 2025 میں پانچویں اور آ خری قومی انسدادِ پولیو مہم ہوگی جو ستمبر میں ہونے والی خصوصی انسدادِ پولیو مہم اور نومبر میں منعقدہ خسرہ-روبیلا اور پولیو سے بچاؤ کی قومی ویکسینیشن مہم کے بعد منعقد کی جارہی ہے ۔

ملک بھر میں اب تک 30 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 74تھی ۔ رواں مہم کے دوران بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد میں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائے جا ئیں گے۔ ادھر ضلع مری میں پولیو مہم کا افتتاح ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر کیاجبکہ ضلع شگر میں مہم کا افتتاح ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر شگر ڈاکٹر بشیر جان نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر کیا۔ اس دوران ضلع بھر میں 13,127 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا ئیں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں