ہائیکورٹ:ڈی جی سول ایوی ایشن کے قابل ضمانت وارنٹ جاری

ہائیکورٹ:ڈی جی سول ایوی ایشن کے قابل ضمانت وارنٹ جاری

عدالتی احکامات کے باوجود ریٹائرڈ افسر کو پنشن جاری نہ کرنے پر اظہار برہمی ڈی جی سی اے اے کو سردیوں کی تعطیلات کے بعد پہلے ہفتے میں پیش کرنیکا حکم

کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے عدالتی احکامات کے باوجود ریٹائرڈ افسر کو پنشن جاری نہ کرنے کے معاملے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔ سندھ  ہائیکورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو ریٹائرڈ افسر کو پنشن کی عدم ادائیگی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل اسد اللہ بلو ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ عدالت اس سے قبل ایڈیشنل ڈائریکٹر میڈیکل سروس ڈاکٹر کریم چنہ کو پنشن جاری کرنے کا حکم دے چکی ہے ، تاہم اس کے باوجود سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا۔ وکیل نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی 2022 سے عدالتی احکامات کو مسلسل نظرانداز کررہے ہیں، جس کے باعث ریٹائرڈ افسر کو قانونی حق ہونے کے باوجود پنشن سے محروم رکھا گیا ہے ۔ سماعت کے دوران عدالت نے ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض قابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو سردیوں کی تعطیلات کے بعد پہلے ہفتے میں عدالت پیش کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں