مغربی ہواؤں کی کل بلوچستان آمد ،بارش اوربرفباری کا امکان
بالائی اور مغربی علاقوں میں 20 سے 22 دسمبر کے دوران بادل برسیں گے لاہور دنیا کا تیسرا آلودہ ترین شہر، دھند شدیدسے موٹروے ایم 4اورایم 5بند
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں) لاہورمیں فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے ، لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر رہا۔ بدھ کے روز شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 224ریکارڈ کی گئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورشہر میں خشک سردی کا راج رہے گا اور آئندہ چند روز کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں۔ سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہے گی۔ شہر کا کم از کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد تک رہا ، 5کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ پنجاب کے مختلف میدانی علاقوں میں شدید دھند رہی ،ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 4 خانیوال سے ملتان تک جبکہ موٹروے ایم 5 ملتان سے روہڑی تک دھند کی وجہ سے بند کردی گئی۔دوسری طرف محکمہ موسمیات نے ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں 20 سے 22 دسمبر کے دوران بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ۔ مغربی ہواؤں کا سلسلہ کل 19 دسمبر کو بلوچستان میں داخل ہوگا، اس دوران گرج چمک کے ساتھ بارش پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے ۔ خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان ،کشمیر میں بارش بھی ہو سکتی ہے ۔