جیل مینوئل کی خلاف ورزی پر ملاقاتیں بند کیں ، عطا تارڑ
400 قیدی بھی کہیں گے دھرنا کی اجازت دیں ،دنیا مہر بخاری کیساتھ سڈنی واقعہ پربغیر شواہد پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا پر معافی مانگیں ،بریفنگ
اسلام آباد(دنیا نیوز،نامہ نگار )وفاقی وزیر اطلاعات عطا ء اللہ تارڑ نے کہا ہے میں نہیں سمجھتا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت کے پی کے پانچ ایم پی ایز کو اشتہاری قرا ر دینے کی خبر غیرمعمولی اہمیت کی حامل ہے ،کوئی بھی سڑک بلاک کرے گاوہاں پر پولیس کے ساتھ ہاتھا پائی کرے گا،پھر اس کا نتیجہ یہی ہوتا ہے ۔دنیا نیوز کے پروگرام ‘دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ قانونی کارروائی ہوئی ہے ،یہی طریقہ تحریک انصاف والے اختیار کریں گے تو باقی بھی جیل کے 400 قیدی ہیں تو وہ بھی یہ کہیں کہ ہمارے ورثا کوبھی دھرنا دینے کی اجازت دیں، یہ توان کیلئے مثال بن جائے گا،ملاقات کا طریقہ کار موجود ہے ۔انہوں نے کہا اڈیالہ جیل نہ کوئی جلسہ گاہ ہے نہ ہی کوئی احتجاج کی جگہ ہے ۔انہوں نے کہا ان کے بیٹے کہہ رہے ہیں عمران خان کو گنداپانی پلایا جارہا ہے ،یہ جھوٹ ہے ، عمران کے بیٹے کس حیثیت میں پاکستان پر تنقید کر رہے ہیں، تحریک انصاف نے مذاکرات کے لیے آفیشلی رابطہ نہیں کیا، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تمام سہولیات میسر ہیں۔
سہیل آفریدی کا رویہ بہت تبدیل ہوا ہے ۔قبل ازیں بین الاقوامی میڈیا نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کو فنڈنگ کررہا ہے ،سڈنی واقعہ کے بعد بغیر شواہد کے پاکستان کیخلاف جھوٹا پروپیگنڈا کیاگیا۔ واقعہ پر مستند چینلز نے ادارتی قوانین کا بھی خیال نہ رکھا، بھارتی میڈیا پاکستان کو بدنام کرنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے ، واضح ہو چکا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے ،جھوٹی خبر پھیلانے والوں کو باضابطہ معافی مانگنی چاہئے ۔وزیر اطلاعات نے غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں کو وہ ویڈیوز بھی دکھائیں جن میں پاکستان کے خلاف چلائی گئی منفی مہم کو واضح کیا گیا۔انہوں نے عالمی میڈیا سے مطالبہ کیا کہ ایسے حساس معاملات میں ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دیا جائے اور کسی بھی ملک کو بغیر ثبوت کے مورد الزام نہ ٹھہرایا جائے ۔بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک مسلم خاتون کا حجاب اتارنے کے واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے بھارت میں انتہا پسندی پر مبنی ذہنیت کی عکاسی ہوتی ہے ۔