مذاکرات کامیاب،ٹرانسپورٹرز کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان
پنجاب حکومت کا جرمانوں میں بڑی کمی کا فیصلہ،گاڑیوں کی 38فٹ لمبائی منظور حکومت کے ساتھ ڈرافٹ پر دستخط ہوگئے :صدر گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن
لاہور،کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے پر گڈز ٹرانسپورٹرز نے 10 روز سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا،حکومت نے گڈز ٹرانسپورٹرز کے بیشتر مطالبات تسلیم کرلیے ۔گڈز ٹرانسپورٹرز نے حکومت سے ایکٹ میں ترمیم، ڈرائیورز اور مالکان کے خلاف ایف آئی آر، جرمانے واپس لینے کے ساتھ پورٹس پر ایک ہزار کنٹینرز کی جگہ فراہم کرنے اور پاک افغان سرحد پر پھنسی گاڑیاں نکالنے کا مطالبہ کیا تھا۔اس کے علاوہ گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے ایل ٹی وی اور ایچ ٹی وی ڈرائیونگ لائسنس کیلئے ہائی ویز، موٹرویز پر موبائل یونٹس موٹروے پر لگانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ گزشتہ روز بھی وفاق ،پنجاب اور سندھ حکومت کی کمیٹیاں یقین دہانی کروا رہے تھے کہ سارے مطالبے تسلیم کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حکومت اور ایسوسی ایشن کے درمیان ایک ڈرافٹ پر دستخط ہو گئے ہیں، معاہدے پر تمام ٹرانسپورٹرز نے دستخط کیے ہیں۔
ملک شہزاد اعوان نے ساتھ دینے پر گڈز ٹرانسپورٹرز اور دیگر کا شکریہ بھی ادا کیا۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد کمرشل گاڑیوں کا جرمانہ 15 ہزار سے کم کر کے 4 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا جب کہ حکومت نے مزدا گاڑیوں کی لمبائی 20 فٹ کی بجائے 38 فٹ رکھنے کی منظوری بھی دے دی۔اسی طرح بسوں کے روٹس کے دورانیے میں بھی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے ، بس روٹ کا دورانیہ ایک سال کے بجائے 2 سال کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔مذاکرات میں طے پانے والے فیصلوں کو ٹرانسپورٹرز نے خوش آئند قرار دیا ہے جبکہ ذرائع کے مطابق ان اقدامات کا باضابطہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے ۔