حقائق آشکار ، مودی حکومت کو تاریخی پسپائی تسلیم کرنا ہی ہوگی

حقائق آشکار ، مودی حکومت کو تاریخی پسپائی تسلیم کرنا ہی ہوگی

گودی میڈیا کی من گھڑت کہانیوں کے باوجود بھارت اپنی ہزیمت چھپانے میں ناکام پاکستانی دفاعی صلاحیت کے خوف سے طیاروں نے اڑان ہی نہیں بھری، کانگریس رہنما

اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) معرکہ حق میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کو ہونے والی ذلت آمیز شکست بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے ایک ڈرائونے خواب کی صورت اختیار کر گئی ۔ بھارت میں سیاسی و سماجی حلقوں کے ساتھ ساتھ عسکری قیادت کی جانبسے بھی اس شکست سے متعلق اعترافات سامنے آنا شروع ہو گئے ۔ گودی میڈیا کی جانب سے گمراہ کن پروپیگنڈے اور من گھڑت کہانیوں کے باوجود بھارتی حکومت اپنی ہزیمت چھپانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے ۔بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے سینئر رہنما پرتھوی راج چوہان نے کھل کر اعتراف کیا ہے کہ جنگ کے پہلے ہی دن بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں مکمل پسپائی کا سامنا کرنا پڑا۔ پرتھوی راج چوہان کے مطابق 7 مئی کو صرف آدھے گھنٹے کی فضائی جھڑپ میں بھارت کو پاکستان کے خلاف فیصلہ کن شکست ہوئی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ بھارتی طیاروں کو مار گرایا گیا جس کے بعد پوری بھارتی فضائیہ کو گرائونڈ کرنا پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی دفاعی صلاحیت کے خوف کے باعث مزید بھارتی طیاروں نے اڑان ہی نہیں بھری۔ پرتھوی راج چوہان کے مطابق بھٹنڈہ یا کسی بھی ایئر بیس سے بھارتی طیارے کے ٹیک آف کرنے کی صورت میں پاکستان کی جانب سے مار گرائے جانے کا شدید خطرہ موجود تھا۔بھارتی عسکری قیادت بھی آپریشن سندور کے دوران متعدد بار طیاروں کی تباہی اور بھاری نقصان کا اعتراف کر چکی ہے ۔ اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے بھی اس آپریشن میں بھارتی ناکامی اور شکست کا پردہ چاک کیا۔ 11 مئی کو بھارتی ڈائریکٹر جنرل ائیر آپریشنز ایئر مارشل اے کے نے اعتراف کیا کہ جنگ میں نقصان ہوتے ہیں ، جبکہ 31 مئی کو بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے بیان دیا کہ یہ اہم نہیں کہ کتنے طیارے گرے ، یہ اہم ہے کہ کیوں گرے ۔ دوسری جانب عالمی میڈیا اور متعدد عالمی رہنماؤں نے بھی بنیان المرصوص میں بھارت کی بدترین ہزیمت اور اس کے خود ساختہ بیانیے کو بے نقاب کیا ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی متعدد مواقع پر پاکستان کی جانب سے بھارتی طیارے مار گرائے جانے کا اعتراف کر چکے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق شکست خوردہ مودی حکومت کو بالآخر پاکستان کے ہاتھوں تاریخی ناکامی اور مکمل پسپائی کو تسلیم کرنا ہی ہوگا کیونکہ حقائق اب عالمی سطح پر آشکار ہو چکے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں