پارلیمانی سال کی تکمیل کیلئے قومی اسمبلی کو مزید 19دن درکار
قومی اسمبلی اجلاس 5 جنوری کوہوگا ، رواں پارلیمانی سال میں دو مزید سیشن متوقع
اسلام آباد (سہیل خان) نئے سال 2026 کی آمد پر قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس 5 جنوری کو ہوگا جو موجودہ قومی اسمبلی کا مجموعی طور پر 23واں سیشن ہوگا۔ دوسرے جاری پارلیمانی سال کی ایامِ کار کی تکمیل کے لیے 19 دنوں کی نشستیں منعقد کرنا ضروری ہیں۔ ذرائع کے مطابق رواں پارلیمانی سال کے دوران قومی اسمبلی کے مزید دو سیشن ہوں گے ۔آئندہ اجلاس 5 جنوری 2026 کو شروع ہوگا جو مسلسل 10 دن تک جاری رہے گا جبکہ اس کے بعد فروری 2026 کے وسط میں ایک اور اجلاس طلب کیے جانے کا امکان ہے ۔ قومی اسمبلی اب تک 111 ایامِ کار مکمل کر چکی ہے جبکہ پارلیمانی سال کی تکمیل کے لیے مزید 19 دن درکار ہیں۔ یاد رہے کہ موجودہ پارلیمانی سال 28 فروری 2026 کو مکمل ہوگا۔