آئینی عدالت:فارن کوٹہ پر میڈیکل کالجز طلبا کی درخواستیں خارج

آئینی عدالت:فارن کوٹہ پر میڈیکل کالجز طلبا کی درخواستیں خارج

یونیورسٹیوں نے زبردستی فارن کوٹہ پر ڈالا:وکیل طلبا، خود کوٹہ اپلائی کیا:پی ایم ڈی سی عدالت نے انڈیا اور اسرائیل کی اشیاء برآمدگی کیس میں فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے

اسلام آباد (حسیب ریاض ملک) وفاقی آئینی عدالت نے سندھ کے میڈیکل کالجز میں فارن کوٹہ پر داخلہ لینے والے طلبا کی درخواستیں خارج کرتے ہوئے ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔ چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔وکیل طلباء نے عدالت کو بتایا کہ طالب علموں کو یونیورسٹی نے اوورسیز کوٹہ میں داخلہ دیا۔ طلبا کی ساری تعلیم پاکستان کی تھی۔ یونیورسٹیوں نے طلبا کو زبردستی فارن کوٹہ پر ڈالا۔ وکیل پی ایم ڈی سی نے عدالت کو بتایا غلط کوٹہ پر داخلہ میں سٹوڈنٹس اور کالجزدونوں شامل ہیں۔ طالب علموں نے اوورسیز کوٹہ پر داخلہ اپلائی کیا۔ عدالت نے دلائل کے بعد ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے اپیل خارج کر دی۔ وفاقی آئینی عدالت نے انڈیا اور اسرائیل کی اشیاء برآمدگی کے کیس میں فریقین کو نوٹسز جاری کر کے سماعت 13جنوری تک ملتوی کر دی۔ وکیل ایف بی آر حافظ احسان کھوکھر نے مؤقف اختیار کیا کہ ہائیکورٹ کا حکم اختیارات کی تقسیم کے آئینی اصول کے خلاف ہے اور عدالتوں کا کام پالیسیوں میں تبدیلی یا معاشی اصولوں میں مداخلت کرنا نہیں۔ پس منظر کے مطابق حکومت نے 2019میں انڈیا اور اسرائیل کی اشیاء برآمدگی پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا، مختلف فریقوں نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا جہاں عدالت نے کمیٹی تشکیل دینے اور پابندی کا جائزہ لینے کی ہدایت کی تھی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں