20تا22دسمبر بارش ،پہاڑوں پر برفباری کا امکان
مغربی ہواؤں کا سلسلہ 20دسمبر کو پنجاب ، بالائی علاقوں میں داخل ہوگا ناران، کاغان ، مری، گلیات میں سڑکوں کی بندش کاخدشہ،محکمہ مو سمیات
اسلام آباد، راولپنڈی( اپنے رپورٹر سے ،نیوزرپورٹر)محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں 20 سے 22 دسمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں پر برفباری کا امکان ہے ۔ مغربی ہواؤں کا سلسلہ 20 دسمبر کو پنجاب سمیت بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا ، پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے ۔ 20 دسمبر کی شام سے 21 دسمبر کے دوران راولپنڈی، اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں تیز ہواؤں ،گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ 20 دسمبر کی رات سے مری اور گلیات میں بارش اور برفباری ہو سکتی ہے جس کے باعث ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، مری اور گلیات میں بعض سڑکیں بند ہونے اور پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔