پاکستان انڈر19ایشیا کپ کا چیمپئن ،بھارت کو ذلت آمیز شکست

پاکستان انڈر19ایشیا کپ کا چیمپئن ،بھارت کو ذلت آمیز شکست

سمیر منہاس کے 172رنز،پاکستانی باؤلرز بھارتیوں پر قہر بن کر ٹوٹے ،191رنزسے فتح ہرکھلاڑی کیلئے 50،50لاکھ انعام ،اسلا م آباد ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں کا والہانہ استقبال

دبئی ،اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر، سٹاف رپورٹر ،نامہ نگار )پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو 191رنز سے ذلت آمیز شکست دے کرایشین چیمپئن بن گیا ،قومی  کرکٹرزنے گراؤنڈ میں سجدہ کرکے جشن منایا ،چیئرمین پاکستان کرکٹ بور ڈ نے ہرکھلاڑی کو 50،50روپے انعام دینے کا اعلان کردیا ۔تفصیلات کے مطابق ٹاس کے موقع پر کپتانوں کا ہینڈ شیک نہیں ہوا، ٹاس سے قبل ٹرافی کے ساتھ تصویر کے موقع پر بھی ہینڈ شیک نہیں ہوا ، دبئی میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز بنائے ۔اوپنر سمیر منہاس نے 113 گیندوں پر 17 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے 172 رنز کی اننگز کھیل کر کئی ریکارڈ اپنے نام کرلئے ،یہ اس ٹورنامنٹ میں ان کی دوسری سنچری ہے ، انہوں نے ملائشیا کے خلاف 177 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی تھی۔ احمد حسین نے 56، عثمان خان نے 35، کپتان فرحان یوسف نے 19 اور حمزہ ظہور نے 18رنز کی باری کھیلی ۔

دیپیش دیوندرن نے 83 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں بھارت کی بیٹنگ لائن پاکستانی باؤلنگ کے سامنے مکمل طور پر لڑکھڑاگئی اور پوری ٹیم 27ویں اوورکی دوسری گیندپر 156رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ،دیوندرن نے 36 اورسوریا ونشی نے 26رنز بنائے ۔علی رضا نے 4 بلے بازوں کو پویلین بھیجا، عبدل سبحان، محمد صیام اور حذیفہ حسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان نے بھارت کو 191 رنز سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا، پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل دوسری مرتبہ جیتنے میں کامیاب ہوا ہے ، اس سے قبل پاکستان اور بھارت 2012 کے ایونٹ میں مشترکہ طور پر فاتح رہے تھے ۔فائنل میچ میں فتح کے بعد قومی کرکٹرز نے گراؤنڈ میں بھرپور جشن منایا اور پوری ٹیم نے ایک ساتھ سجدہ شکر اداکیا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ہرکھلاڑی کیلئے 50،50لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا ،وہ قومی کھلاڑیوں سے ملے اور انہیں شاباش دی ۔ان کاکہناتھاکہ آپ سب نے پاکستان کا نام فخر سے بلند کیا،سمیر منہاس آپ ہمارا فخر ہیں آپ نے بہترین کھیل پیش کیا ۔

انڈر19قومی کرکٹ ٹیم کو گزشتہ رات خصوصی طیارے پر اسلام آباد لایاگیا ،شدید سردی کے باوجود ایئرپورٹ شہریوں کی بڑی تعداد نے استقبال کیا ،منچلے ڈھول کی تھاپ پر رقص کرے ہیوزیراعظم شہباز شریف آج کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے اور ان کے اعزاز میں عشائیہ دینگے جس کے بعد کھلاڑی ٹرائی نیشن سیریز میں شرکت کیلئے زمبابوے روانہ ہو جائیں گے ۔وزیراعظم نے انڈر19ایشیا کپ جیتنے پر ٹیم اور پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ بھارت کو فائنل میں شکست دے کر پاکستانی کھلاڑیوں نے تاریخ رقم کردی ،پوری قوم کو نوجوان کھلاڑیوں پر فخر ہے ۔صدر آصف زرداری نے کہا کہ بھارت کے خلاف فائنل میں شاندار فتح نوجوان کھلاڑیوں کی محنت، نظم و ضبط اور عزم کا ثبوت ہے ،ٹیم کی کامیابی پوری قوم کیلئے فخر اور خوشی کا باعث ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہناتھاکہ کاغذی شیروں کو عبرتناک شکست دے کر شاہینوں نے پوری قوم کو خوش کر دیا ہے ،پاکستانی کھلاڑیو ں نے سبز ہلالی پرچم بلند کیا،پاکستان کو یہ جیت اور بھارت کو یہ شکست مدتوں یاد رہے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں