بحری جہاز پی این ایس خیبر نیوی کے حوالے ،اردوان کی شرکت

 بحری جہاز پی این ایس خیبر نیوی کے حوالے ،اردوان کی شرکت

تقریب استنبول نیول شپ یارڈ پر ہوئی، تعلقات مضبوط ہونگے :ترک صدر تعاون شراکت داری کا مظہر :ایڈمرل نوید اشرف ،صدر، وزیراعظم کی مبارکباد

اسلام آباد،راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر، سٹاف رپورٹر،نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) پاک بحریہ کے ملجم کلاس دوسرے جہاز پی این ایس خیبر کی کمیشننگ تقریب استنبول نیول شپ یارڈ ترکیہ میں منعقد ہوئی، ترک صدر رجب طیب اردوان نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی،چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق رجب طیب اردوان نے تقریب میں خطاب کے د وران پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات کو مثالی قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی دفاعی پیداوار کے میدان میں باہمی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان ترکیہ کا سچا اور کھرا اتحادی ہے ، دونوں ممالک کے درمیان دوستی قیامت تک قائم رہے گی، دوطرفہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے ،مکمل کامیاب آزمائشوں کے بعد جدید جنگی جہاز پی این ایس خیبر  پاک بحریہ کے حوالے کیا جا رہا ہے ۔

سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے خطاب میں ایم ایس اسفات، استنبول نیول شپ یارڈ اور پی این ملجم جہازوں کی منصوبہ بندی، ڈیزائن اور تعمیر میں شامل دیگر کمپنیوں کی کام میں مہارت اور لگن کا اعتراف کیا اور کہا کہ تعاون شراکت داری کا مظہر ہے ۔ تقریب کے اختتام پر ترک صدر نے جہاز کا دورہ کیا،جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور انہوں نے جہاز کے عملے سے ملاقات بھی کی۔دورے کے دوران ترک صدر اور چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے علاقائی بحری سکیورٹی صورتحال اور مستقبل میں پاک بحریہ اور ترک بحری افواج کے مشترکہ اقدامات کے مواقع پر بات چیت کی۔ آئی ایس پی آرکے مطابق پی این ملجم کلاس جہاز جدید ترین ٹیکنالوجی،کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز، ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہیں۔

پاکستان کیلئے چار ملجم کلاس جہازوں کی تعمیر کا معاہدہ 2018 میں وزارتِ دفاعی پیداوار پاکستان اور ایم ایس اسفات ترکیہ کے درمیان طے پایا تھا،دو جہاز ترکیہ اور بقیہ دو پاکستان میں تیار کئے جانے تھے ،پی این ایس خیبر کی کمیشننگ کے ساتھ ہی ترکیہ میں دونوں جہازوں کی تعمیر کا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو گیا ۔دریں اثناء صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے ترکیہ میں پاک بحریہ کے جدید جنگی جہاز کی شمولیت کو قومی بحری دفاع کیلئے اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے پاک بحریہ، دفاعی ماہرین اور تمام شراکت داروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ جدید بحری جہاز کی شمولیت سے پاکستان کی سمندری سرحدوں کا تحفظ اور بحری سلامتی مزید مضبوط ہوگی ۔ملجم کلاس جہازوں کا منصوبہ دونوں ممالک کی تکنیکی مہارت اور مشترکہ وژن کی کامیاب مثال ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی مبارکبادپیش کرتے ہوئے جاری پیغام میں کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون باہمی اعتماد اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں