مقبوضہ کشمیر : پاکستان کے نشان والے 2 غبارے برآمد
جموں(اے پی پی)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے جموں خطے میں قابض حکام نے دو الگ الگ مقامات سے بظاہر پاکستانی نشان والے دو غبارے برآمد کئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع سانبا میں پورمنڈل کے علاقے پچولی سے ملنے والے ایک غبارے پر انگریزی اور اردو زبانوں میں ایس جی اے پاکستان لکھا تھا جبکہ دوسرا غبارہ رام گڑھ سیکٹر کے علاقے سوانکھا سے برآمد ہوا جس پر مبینہ طور پر پاکستانی کرنسی نوٹ لگا تھا۔ دونوں غبارے کھلی زرعی زمین میں پڑے تھے جن کو حکام نے تحقیقات کے لیے اپنی تحویل میں لے لیا۔قابض حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ غبارے کس طرح مقبوضہ علاقے میں پہنچے ۔مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت کے فوجی طرز عمل اورسخت اقدامات کے باوجود خطے کی صورت حال نازک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیرپاامن کے لیے تنازع کشمیر کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ناگزیر ہے۔