گھوٹکی میں رینجرز اور پولیس کا آپریشن، 9 ڈاکو ہلاک، 27 زخمی

گھوٹکی میں رینجرز اور پولیس کا آپریشن، 9  ڈاکو ہلاک، 27 زخمی

میرپور ماتھیلو، کراچی(نمائندہ دنیا، سٹاف رپورٹر)گھوٹکی کے کچے میں سات روزہ آپریشن کے دوران 16 ڈاکو انجام کو پہنچے ، جبکہ 27 زخمی بھی ہوئے ، 9 ملزمان کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی، جبکہ دیگر ڈاکوؤں کی لاشوں کی تلاش جاری ہے۔

 7 روز قبل گڈو لنک روڈ پر صادق آباد سے کوئٹہ جانے والی کوچ سے لوٹ مار کے بعد 16 مسافروں کو اغوا کیا گیا تھا، جس کے بعد سندھ رینجرز اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کیا۔ ایس ایس پی گھوٹکی انور کھیتران اور سندھ رینجرز کے ترجمان کے مطابق فورسز نے کراس بند، خان گڑھ چوک، کچا کراچی اور کچا سونمیانی میں نمایاں کامیابی حاصل کی، آپریشن میں خطرناک ڈاکوؤں سمیت 16 ڈاکو مارے گئے ، جن میں نو ڈاکوؤں کی تصدیق ہوچکی، جبکہ 7 کی لاشیں تلاش کی جارہی ہیں ، ڈاکوؤں کی لاشیں ابھی تک دریائی علاقوں میں پڑی ہوئی ہیں، ڈاکوؤں کے دیگر ساتھی کچے کا علاقہ چھوڑ کر فرار ہوچکے ہیں، ہلاک ڈاکوؤں میں بکھرانی گینگ کا سرغنہ چھلو بکھرانی جس کے سر کی قیمت 50 لاکھ مقرر تھی، دیگر میں اذان آرزو ، ہزاروُسکھانی ، گمنی گوپانگ ، شاہ مراد ، ظفر عرف ظفری جھبیل (سر کی قیمت 25لاکھ)اور بہادر عمرانی (سر کی قیمت 25لاکھ) شامل ہیں۔ ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ آپریشن کے دوران 27 ڈاکو زخمی ہوئے ، جبکہ پولیس نے آپریشن کے دوران جبری اور ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا کئے گئے 9 مغویوں کو بھی بازیاب کروایا، جن سے ایک ایک کروڑ روپے تاوان طلب کیا گیا تھا۔ ڈاکوؤں سے ملنے والے اسلحے میں 12.7 گن مع ٹرائی پوڈ ، ایل ایم جی ، آر آر 75، آر پی جی 7 راکٹ لانچرز، 4 بڑی رائفلیں، 3 رپیٹر، پستول، شیلز اور بھاری مقدار میں گولیاں، گولہ بارود، ٹیلی اسکوپ، دوربین ، ٹول باکس، اسمارٹ فون برآمد کئے گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں