سی ڈی اے نیلامی : پہلے دن 13.52 ارب کے پلاٹس نیلام

 سی ڈی اے نیلامی : پہلے دن 13.52 ارب کے پلاٹس نیلام

بلیو ایریا کا پلاٹ نمبر پندرہ3.52 ارب ،پلاٹ نمبر سترہ 9.15 ارب میں نیلام ہوا نیلامی سے حاصل آمدن اسلام آباد کی خوبصورتی پر خرچ ہوگی ،چیئرمین سی ڈی اے

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سی ڈی اے کے زیر اہتمام وفاقی دارالحکومت میں رہائشی و کمرشل پلاٹس کی نیلامی کے پہلے روز مجموعی طور پر 13.52 ارب روپے کے پلاٹس نیلام کیے گئے ۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر نیلامی کے عمل کی نگرانی ممبر فنانس طاہر نعیم اور ان کی سربراہی میں قائم آکشن کمیٹی کر رہی ہے ۔نیلام عام کے پہلے روز بلیو ایریا کا پلاٹ نمبر 15 واقع F-8/G-8 کو 3.52 ارب روپے جبکہ بلیو ایریا کا پلاٹ نمبر 17 واقع F-8/G-8 کو 9.15 ارب روپے میں نیلام کیا گیا۔ اسی طرح آرچررڈ سکیم مری روڈ کا پلاٹ نمبر C-37 کو 42 کروڑ 20 لاکھ روپے اور پلاٹ نمبر D-37 کو 42 کروڑ روپے میں نیلام کیا گیا۔

اس طرح پہلے روز مجموعی طور پر چار پلاٹس 13.52 ارب روپے میں فروخت ہوئے ۔سی ڈی اے کے زیر اہتمام سہ روزہ رہائشی و کمرشل پلاٹس کی نیلامی 24 دسمبر تک جناح کنونشن سینٹر میں جاری رہے گی۔ موصول ہونے والی بولیوں کو مکمل جانچ پڑتال کے بعد سی ڈی اے بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے گا جو انہیں منظور یا مسترد کرنے کا مجاز فورم ہے ۔کمرشل پلاٹس کی بولی کی منظوری کے 30 دنوں کے اندر یکمشت ادائیگی پر 5 فیصد رعایت بھی دی جائیگی ۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ نیلام عام میں سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت سی ڈی اے کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار ہے ۔ نیلام عام سے حاصل ہونے والی آمدن وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تعمیر و ترقی اور خوبصورتی پر خرچ کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں