تاجروں کا30 دسمبر کو اسلام آباد میں ایف بی آر کے گھیراؤ کا اعلان

تاجروں کا30 دسمبر کو اسلام آباد  میں ایف بی آر کے گھیراؤ کا اعلان

اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے ) تاجر برادری نے ایف بی آر کی جانب سےپوائنٹ آف سیل (پی او ایس)سسٹم کی تنصیب کے خلاف 30 دسمبر کو آبپارہ چوک سے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز تک احتجاجی مظاہرہ اور ایف بی آر کا گھیراؤ کرنے کا اعلان کر دیا ۔

آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے شہر بھر کی مارکیٹوں کے صدور اور عہدیداروں کے ہمراہ نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایف بی آر کے اہلکار گلی محلوں کی چھوٹی چھوٹی دکانوں پر زبردستی پی او ایس سسٹم نصب کر رہے ہیں ۔ ملک کا تاجر پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہے اور ایف بی آر کے اہلکار تاجروں کو ہراساں کر رہے ہیں۔ بازاروں میں آ کر دکانداروں کو کہا جاتا ہے کہ ان کی دکان سیل ہو گئی ہے اور دفتر آنے کا کہا جاتا ہے ، جہاں جا کر معاملات بیس ہزار روپے پر ختم ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ تاجروں کو کچے کے ڈاکوؤں کی طرح لوٹا جا رہا ہے ۔ بلیو ایریا میں چند دکانداروں کو قانون کا نام لے کر بلیک میل کیا جا رہا ہے اور سوال اٹھایا کہ کیا یہ قانون صرف دکانداروں کو تنگ کرنے کے لیے بنایا گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کا یہ قانون تاجر برادری کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ اگر پی او ایس سے متعلق قانون کو واپس نہ لیا گیا تو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 30 دسمبر کو لوگ آبپارہ چوک میں جمع ہوں گے اور اگر زبردستی کی گئی تو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں