وکلاتنظیموں کا پنجاب پراپرٹی اونرشپ ایکٹ معطل کرنے کا خیرمقدم

وکلاتنظیموں کا پنجاب پراپرٹی اونرشپ  ایکٹ معطل کرنے کا خیرمقدم

لاہور، اسلام آباد (کورٹ رپورٹر،اے پی پی) وکلاتنظیموں نے پنجاب پراپرٹی اونرشپ ایکٹ معطل کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیاہے ، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایس سی بی اے پی)کے صدر ہارون الرشید، سیکرٹری ملک زاہد اسلم اعوان اور 28ویں کابینہ نے موقف اختیار کیا کہ مذکورہ قانون نہ صرف آئین کے منافی اور غیر قانونی ہے۔

 بلکہ سول پروسیجر کوڈ (سی پی سی)، کریمنل پروسیجر کوڈ (سی آر پی سی)، قانون شہادت اور دیگر متعلقہ قوانین سے بھی متصادم ہے ۔ اس ایکٹ کے ذریعے جائیداد کے تنازعات عدالتی فورمز کے بجائے ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز، ریونیو افسروں اور دیگر سرکاری اہلکاروں کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی گئی، جو کسی صورت بھی قانونی نہیں ،سپریم کورٹ بار لاہور ہائیکورٹ کے اس فیصلے کی مکمل توثیق اور حمایت کرتی ہے اور چیف جسٹس ہائیکورٹ کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے ۔ ادھر پاکستان بار کونسل کے رکن احسن بھون نے دنیانیوزسے گفتگو میں کہا کہ معزز چیف جسٹس سے متعلق وزیر اعلیٰ پنجاب کا بیان افسوسناک ہے ، وزیر اعلیٰ مریم نواز پراپرٹی اونرشپ آرڈیننس سے متعلق فوری طور پر اپنا بیان واپس لیں۔ ہم چیف جسٹس عالیہ نیلم کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جن لوگوں نے یہ قانون ڈرافٹ کیا اور غلط مشورہ دیا، ان کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ عدالتیں لگانا حکومت کا کام نہیں، پنجاب حکومت عدالتیں لگانا بند کرے ، ورنہ وکلا سڑکوں پر ہونگے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں