پنجاب اسمبلی :انڈر 19 ٹیم کی ایشیا کپ میں جیت پر قرارداد منظور

 پنجاب اسمبلی :انڈر 19 ٹیم کی ایشیا کپ میں جیت پر قرارداد منظور

اسلامیہ اور زکریا یو نیورسٹیز کے وائس چانسلرز کو کمیٹی میں طلب کرنے کی ہدایت پولیس ترمیم آرڈر 2025 منظور ،اپوزیشن کی تجاویز مسترد ، اجلاس جمعہ تک ملتوی

لاہور(سپیشل رپورٹر) پنجاب اسمبلی کااجلاس دوگھنٹہ 23 منٹ کی تاخیر سے پینل آف چیئر مین سمیع اللہ خان کی صدارت میں شروع ہوا۔اجلاس میں محکمہ لائیوسٹاک کے بارے میں سوالوں کے جوابات دیئے گئے ،پارلیمانی سیکرٹری برائے لائیوسٹاک نے بتایا کہمحکمے کے ملازمین کی تنخواہیں اور جانوروں کی بہتری کیلئے فنڈز استعمال ہورہے ہیں ،زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ اجلاس میں احسن رضا کی جانب سے انڈر 19 ٹیم کی ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف جیت پرخراج تحسین کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ وقفہ سوالات کے بعد پوائنٹ آف آرڈر پر گفتگو کرتے ہوئے امجد علی جاوید نے کہا اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں جنسی ہراسانی اور آئس کی مبینہ فروخت کے معاملات سامنے آئے ہیں۔ بہائوا لدین زکریا یونیورسٹی سے بھی اسی قسم کی شکایات سامنے آرہی ہیں میری گزارش ہے کہ ان دو واقعات کو کمیٹی کو ریفر کیا جائے ۔سعید اکبر نووانی کا کہنا تھا کہ ان واقعات پر محکمے سے رپورٹ منگوا لی جائے ۔ جس پر چیئرمین نے جمعہ کے روزایگریکلچرل یونیورسٹی سمیت تینوں یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں کوقائمہ کمیٹی برائے ہائر ایجوکیشن کی میٹنگ میں بلانے کی ہدایت کردی ۔

امجد علی جاوید کا کہنا تھا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور زکریا یونیورسٹی میں ہراسمنٹ کے کیسز بہت بڑھ رہے ہیں،اس معاملے کو کمیٹی میں اٹھایا جائے ۔سرکاری بزنس کے آغاز پر اپوزیشن کی جانب سے شیخ امتیاز نے کورم کی نشاندہی کی تاہم کورم پورا ہونے پر اجلاس جاری رہا۔اپوزیشن کی جانب سے کوئی ترمیم پیش نہیں کی گئی اس طرح یہ بل آسانی سے کثرت رائے سے منظو ر کر لیاگیا،پنجاب اسمبلی میں مسودہ قانون ( دوسری ترمیم ) پولیس آرڈر 2025 ایوان میں پیش کردیا گیا۔اس ترمیم کے خلاف اپوزیشن رکن وقاص مان نے مسودہ قانون دوسری ترمیم پیش کی ، جسے کثرت رائے سے مسترد کردیا گیا ،اس پر بات کرتے ہوئے پارلیمانی امور کے وزیر میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت امن و امان کی حالت بہت بہتر ہے ۔ بل سٹینڈنگ کمیٹی سے ہوکر ایوان میں آیا ہے اس طرح حکومتی ارکان نے اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی ترمیم مسترد کردی ،اپوزیشن کی جانب سے دوسری ترمیم کسی رکن نے پیش نہیں کی ، پولیس ترمیم آرڈر 2025 پنجاب اسمبلی سے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔ پنجاب اسمبلی میں مسودہ قانون ترمیم ایگریکلچر ، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی پنجاب 2025 بھی کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا ۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس جمعہ دوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں