ہر گزرتا دن دو قومی نظریے کی درستگی کا ثبوت : وزیر اطلاعات
دنیا نہ صرف آج پاکستان کو اہمیت دیتی بلکہ فوجی طاقت کو بھی تسلیم کرتی، عطا تارڑ بنیادی حقوق ہماری ذمہ داری ، ناکامیوں کو چیلنج سمجھ کر آگے بڑھنا ہوگا، احسن اقبال
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں )وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ہمارا ایمان اور یقین مضبوط ہوتا جا رہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کا دو قومی نظریہ درست تھا اور ہمیشہ درست رہے گا۔کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ‘‘اڑانِ پاکستان’’ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نے ایک خاتون کا نقاب نہیں کھینچا بلکہ تمام مسلمان خواتین کی عزت اور وقار کو مجروح کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات دو قومی نظریے کو مزید تقویت دیتے ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ یقین پختہ ہوتا جا رہا ہے کہ قائداعظم کا دو قومی نظریہ درست تھا۔ عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ آج پوری دنیا نہ صرف پاکستان کو اہمیت دیتی ہے بلکہ پاکستان کی فوجی طاقت کو بھی تسلیم کرتی ہے ۔اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کا قیام قائداعظم کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے ۔ ۔ آج کا دن اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ ہمیں قائداعظم کے اصولوں کو زندہ رکھنا ہے ۔ پاکستان کی تعمیر نو ہماری ذمہ داری ہے ۔ 78 برسوں میں ہمیں کامیابیاں بھی ملی ہیں اور ناکامیاں بھی۔ کامیابیوں سے قوم میں اعتماد پیدا کرنا ہے جبکہ ناکامیوں کو چیلنج سمجھ کر آگے بڑھنا ہے ۔پاکستان میں ہر شہری کو برابر کے حقوق دینا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔