قوم قیام امن کیلئے فوج کیساتھ کھڑی ہے : چودھری شجاعت
بہادر مسلح افواج جغرافیائی سرحدوں کی بھرپور حفاظت کررہیں:صدر ق لیگ چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی کی شجاعت سے ملاقات
لاہور (سیاسی نمائندہ )صدر مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین نے کہاہے کہ ملک میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے امن کا قیام ناگزیر ہے ،افواج پاکستان اور سکیورٹی ادارے ملک میں امن کی فضا برقرار رکھنے کیلئے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں ،پوری قوم قیام امن کی کاوشوں میں پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے ۔ چودھری شجاعت حسین سے گزشتہ روز چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ،صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چودھری شافع حسین بھی ملاقات میں موجود تھے۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی ۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ چودھری شجاعت کی ملک اور قوم کیلئے لازوال خدمات ہیں ، چودھری شجاعت اور ان کے خاندان نے ختم نبوت اور دین کیلئے بہت کام کیا ، سالک حسین اور شافع حسین عوام کی بھر پور خدمت کر رہے ہیں ۔ شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی بھرپور حفاظت کررہی ہیں ،بہادر افواج نے مئی کی جنگ میں بھارت کو ایسا سبق سکھایا جسے وہ کبھی نہیں بھول سکتا،پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردوں سے بھی برسر پیکار ہے ۔