کوہلو، لکی مروت:فورسز کی کارروائیاں،11دہشتگرد ہلاک
آپریشن کے دوران کوہلو میں فتنہ الہندوستان کے 5دہشت گردمارے گئے تختی خیل میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں کمانڈر نصرت سمیت 6دہشتگرد ہلاک
راولپنڈی، اسلام آباد ، لکی مروت(دنیا نیوز، نامہ نگار)بلوچستان کے ضلع کوہلو اور خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں انتہائی مطلوب دہشتگرد کمانڈر سمیت 11خوارجی ہلاک ہوگئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کوہلو میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے 5دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔کارروائی فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی، شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی حمایت یافتہ 5 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے ،دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق جہنم واصل کئے گئے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے کوہلو میں 5 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے ۔ادھر خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقہ تختی خیل میں سی ٹی ڈی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب دہشتگرد کمانڈر نصرت اللہ عرف مولوی نصرت وزیر سمیت6فتنہ الخوارج ہلاک ہو گئے ۔پولیس کے مطابق یہ آپریشن براہ راست آر پی او بنوں سجاد خان اور ڈی پی او نذیر خان کی نگرانی میں کیا گیا، ہلاک دہشتگرد نصرت اللہ کے سر کی قیمت 25 لاکھ مقرر تھی جو پولیس کو 28 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا۔ پولیس نے پورے علاقے کو گھیرا ہوا ہے اور سرچ آپریشن بدستور جاری ہے ۔