ملکی ترقی میں اوورسیز کا کردار ناقابل فراموش :رانا تنویر

ملکی ترقی میں اوورسیز کا کردار ناقابل فراموش :رانا تنویر

برآمدات کے فروغ و برآمد کنندگان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہیں شہباز شریف کی زیرقیادت سفارتی سطح پر کامیابیاں ملیں:لاہور چیمبر میں خطاب

لاہور(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ برآمدات پر مبنی مضبوط معیشت ہی ملکی اقتصادی استحکام کی بنیاد ہے ،حکومت برآمدات کے فروغ و برآمد کنندگان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہے ،ملکی ترقی میں اوورسیز پاکستانیوں کا کردار ناقابل فراموش ہے ،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں سفارتی سطح پر پاکستان کو بہت کامیابیاں ملی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کولاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی ) میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا میں اپنی خواہش پر آپ لوگوں سے ملنے یہاں آیا ہوں ،ملکی برآمدات کے فروغ کیلئے حکومت اور تاجر برادری کو مل بیٹھ کر لائحہ عمل ترتیب دینے کی ضرورت ہے کیونکہ برآمدات پر مبنی مضبوط معیشت ہی ملک کے اقتصادی استحکام کی بنیاد ہے ،ہمیں اپنی برآمدات کو بڑھانا ہو گا، برآمدات بڑھیں گی تو کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہو گا۔رانا تنویر حسین نے کہاکہ حکومت کو تاجر برادری کو درپیش مسائل کا ادراک ہے ،حکومت تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ماضی میں بھی پیش پیش تھی اور اب بھی ہے ۔ اس موقع پر صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ اگر برآمدات میں کمی کا موجودہ رجحان برقرار رہا تو روپے کو مصنوعی طور پر مستحکم رکھنا ممکن نہیں رہے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ روپے کی قدر میں مزید کمی سے مہنگائی بڑھے گی اور صنعتوں پر لاگت کا دباؤ مزید بڑھ جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں