بینظیر کی برسی آج، پنجاب سے سائیکلوں پرجیالوں کی گڑھی خدا بخش آمد

بینظیر کی برسی آج، پنجاب سے سائیکلوں پرجیالوں کی گڑھی خدا بخش آمد

مرکزی رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری، تقریب دن دو بجے شروع ہوگی آصفہ کی مزار پرحاضری، بینظیر کی 18ویں برسی میں شرکت، فریال پہنچ گئیں

نوڈیرو، کراچی (نمائندہ دنیا، سٹاف رپورٹر) شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی آج گڑھی خدابخش بھٹو میں منائی جائے گی۔ برسی میں شرکت کیلئے ملک بھر سے جمعہ کو ہی کارکنان کے قافلے گڑھی خدابخش بھٹو پہنچنا شروع ہو گئے تھے ، جبکہ مرکزی قائدین کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے ، آصفہ بھٹو زرداری نے گڑھی خدابخش بھٹو میں شہدا کے مزارات پر حاضری دی، انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سلامتی، استحکام اور عوام کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں، اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت بھی پیش کیا، برسی میں شرکت کے لیے فریال تالپور اور ضیا لنجار بھی نوڈیرو پہنچ گئے ، انہوں نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا، سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، اور متعلقہ افسران کو ضروری احکامات جاری کیے ۔ برسی کی تقریب کا آغاز دن کے دو بجے ہوگا۔ مرکزی جلسے کا باقاعدہ آغاز شام پانچ بجے ہوگا، جس میں شہید بینظیر بھٹو کے لیے چند لمحوں کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ اس کے بعد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری جلسے سے خطاب کریں گے ۔ دوسری جانب پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں سے سائیکلوں پر جیالوں کے قافلے گڑھی خدابخش بھٹو پہنچے ہیں۔ پنجاب کے شہروں وہاڑی، جانپورہ، میلسی جبکہ سندھ کے شہر سانگھڑ سے آنے والے سائیکل سوار کارکنان کا ضلع کونسل لاڑکانہ کے چیئرمین اعجاز احمد لغاری نے استقبال کیا۔ اس موقع پر کارکنان کو پھولوں کے ہار اور اجرک پہنائی گئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں