کوٹ مومن ہسپتال کا ایم ایس، سرگودھا کے سی ای او فارغ : شعبہ صحت کی صلاحیت بڑھا رہے : مریم نواز

کوٹ مومن ہسپتال کا ایم ایس، سرگودھا کے سی ای او فارغ : شعبہ صحت کی صلاحیت بڑھا رہے : مریم نواز

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر معاون خصوصی کا کوٹ مومن ہسپتا ل کادورہ ، ایک ڈاکٹرڈیوٹی پر اورباقی غائب سب سے زیادہ صحت پر کام کیا، شہری ذمہ داریوں کو سنجیدگی سے نبھائیں، احتیاطی تدابیراپنائیں:وزیراعلیٰ

لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر فرائض میں غفلت برتنے پر کوٹ مومن تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتا ل کے قائم مقام ایم ایس اور سرگودھاکے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ،وزیراعلیٰ کا کہناہے کہ وبائی امراض کسی علاقے تک محدود نہیں رہتے بلکہ پوری دنیا کو متاثر کرتے ہیں،وبائی امراض سے بچاؤ اور قابو پانے کیلئے ہر دم تیار رہنا ضروری ہے ، حکومت پنجاب شعبہ صحت کی صلاحیت بڑھا رہی ہے، سب سے زیادہ صحت پر کام کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر معاون خصوصی شعیب مرزا نے رات گئے ٹی ایچ کیوہسپتال کوٹ مومن کا دورہ کیا،اس وقت ہسپتال میں ایک ہی ڈاکٹر ڈیوٹی پر موجود تھا،باقی غائب تھے ،ڈاکٹر کی غفلت کی وجہ سے زچگی کی مریضہ کو تکلیف کے ساتھ آدھا گھنٹہ انتظار کرنا پڑا ۔ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ مومن کے قائم مقام ایم ایس ڈاکٹر فہد شاہین اورچیف ایگزیکٹو آفیسرہیلتھ سرگودھا ڈاکٹر سارہ کو فوری طورپر عہدوں سے ہٹانے کا حکم جاری کرتے ہوئے انہیں ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کا کہہ دیاگیا،اس ضمن میں سیکرٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیاہے۔

مریم نواز نے وبائی امراض سے بچاؤکی تیاری کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہاکہ شہری صحت سے متعلق ذمہ داریوں کو سنجیدگی سے نبھائیں، احتیاطی تدابیر کوزندگی کا حصہ بنائیں گے ۔وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے بروقت تیاری نہ صرف جان بچاتی ہے بلکہ معیشت اور معاشرت کو بھی محفوظ رکھتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ وبائی امراض کے مقابلے کیلئے تعاون اور احتیاطی تدابیر پر فوری عملدرآمد کی ضرورت ہے ،کورونا کی وبا نے عالمی برادری میں صحت اور بہبود کے تحفظ کیلئے مستقل عزم اور کوشش کی ضرورت کو اجاگر کیا، وائرس سے شروع ہونے والی وبا نے معاشی اور سماجی طور پر پوری دنیا کو متاثر کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں