پنجاب ترقی میں دوسرے صوبوں سے لیڈ کر رہا : عظمیٰ بخاری

پنجاب ترقی میں دوسرے صوبوں سے لیڈ کر رہا : عظمیٰ بخاری

1سال میں 90منصوبے شروع ،تمام گراؤنڈ پرموجود،عوام مستفید ہورہے ہیں سہیل آفریدی ہمارے مہمان لیکن ان کارویہ نامناسب اور افسوسناک:پریس کانفرنس

لاہور (دنیا نیوز ،اے پی پی)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں صوبہ پنجاب نے ترقی، فلاح اور بہتر طرزِ حکمرانی کی نئی مثالیں قائم کی ہیں۔ پنجاب حکومت کی سالانہ کارکردگی عوامی اعتماد، شفافیت اور زمینی حقائق  پر مبنی منصوبہ سازی کا عملی ثبوت ہے ، مریم نواز نے ایک سال میں 90 فلیگ شپ منصوبے شروع کئے ، جو نہ صرف کاغذوں سے نکل کر عملی شکل اختیار کرچکے ہیں بلکہ عوام براہِ راست ان منصوبوں سے مستفید بھی ہورہے ہیں، اس لئے پنجاب آج باقی صوبوں سے ترقی میں لیڈ کررہا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی محترم مہمان ہیں اور پنجاب حکومت مہمان نوازی، سیاسی شائستگی اور احترام کی روایت پر قائم ہے ، تاہم ان کی گفتگو اور انداز میں مناسب سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ ہونا چا ہئے تھا جو افسوس کے ساتھ نظر نہیں آیا ۔ڈی جی پی آر میں پنجاب حکومت کی سالانہ کارکردگی پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کسان، طلبا، مزدور، نوجوان اور خواتین سمیت معاشرے کے ہر طبقے کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی نے پنجاب کو دیگر صوبوں کی نسبت ترقی کے سفر میں سب سے آگے کر دیا۔

الیکٹرک بسیں، گرین ٹرین، الیکٹرک بائیکس، ستھرا پنجاب، اپنی چھت اپنا گھر، آسان کاروبار اور کسان کارڈ مریم نواز کے ایسے فلیگ شپ پروگرام ہیں جنہوں نے سہولت، روزگار، تعلیم، ٹرانسپورٹ، ماحولیات اور معاشی بہتری کے نئے دروازے کھولے ہیں، انہی منصوبوں کی بدولت پنجاب آج خدمات، اصلاحات اور پائیدار ترقی میں دیگر صوبوں پر سبقت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2025 اپنے اختتامی مرحلے میں ہے اور یہ سال پنجاب کی ترقی، عوامی فلاح اور سیاسی استحکام کا سال ثابت ہوا،وزیراعلیٰ کی قیادت کو قومی و بین الاقوامی سطح پر تحسین ملی، جس سے صوبے کی مثبت شناخت مزید مضبوط ہوئی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مہمان نوازی پنجاب کی روایت ہے اور ہم نے خیبر پختونخوا کے وزرا کو اسی وقار کے ساتھ خوش آمدید کہا، خیبرپختونخوا کے وزراء کی طرف سے بدزبانی پر افسوس ہے ، ہم نے ان کے برے رویوں کو تحمل سے برداشت کیا،سہیل آفریدی ہمارے مہمان ہیں ان کا لحاظ کررہے لیکن ان کا رویہ نامناسب اور افسوسناک ہے ، پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے دوران ان کے رویوں اور الفاظ کے چناؤ پر فقط افسوس کیا جا سکتا ہے ۔وزیراطلاعات نے کہا کہ جرنلسٹ ہاؤسنگ سوسائٹی فیز ٹو کی سکروٹنی کمیٹی اپنا کام مکمل کر رہی ہے ، جس کے بعد وزیر اعلیٰ الاٹمنٹ لیٹرز جاری کریں گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں