شمائلہ عمران کی میت کراچی پہنچنے پر نماز جنازہ اور تدفین
کراچی(سٹاف رپورٹر)متحدہ پاکستان کے سابق کنوینر ڈاکٹر عمران فاروق کی بیوہ شمائلہ عمران فاروق کا جسد خاکی لندن سے ہفتہ کی صبح کراچی ایئر پورٹ پہنچا۔۔۔
جسے ان کے صاحبزادوں عالیشان اور وجدان فاروق نے ایم کیو ایم کی مرکزی کمیٹی کے سینئر رکن ڈاکٹر فاروق ستار کے ہمراہ وصول کیا اور سوسائٹی ٹاؤن لیکر گئے۔ بعد ازاں شمائلہ عمران فاروق کی نماز جنازہ رحمانیہ مسجد طارق روڈ میں ادا کی گئی، جس میں ایم کیو ایم پاکستان کی مرکزی کمیٹی کے سینئر اراکین سید مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، انیس قائم خانی سمیت اراکین پارلیمنٹ، سینٹرل آرگنائزنگ اینڈ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے ذمہ داران، انچارج سی او سی فرقان اطیب و اراکین اور کارکنان سمیت لواحقین اور اہل محلہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مرحومہ کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سوسائٹی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ پارٹی قیادت نے ڈاکٹر عمران فاروق کے صاحبزادوں عالیشان اور وجدان سے ملاقات کی اور انہیں دلاسہ دیتے ہوئے صبر کی تلقین کی۔