پاکستان کا خصوصی کوٹہ منظور، سالانہ 3500 افراد اٹلی جا سکیں گے
کوٹہ شپ بریکنگ، ہاسپٹلیٹی، ہیلتھ کیئر اور زراعت جیسے شعبوں کے لیے مختص کیا گیا ہر سال 1500 پاکستانی سیزنل ورکرز 2000 نان سیزنل ورکرز اٹلی منتقل ہونگے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وزارت اوورسیز پاکستانیز کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں پاکستانی محنت کشوں کے لیے یورپ میں روزگار کے نئے دروازے کھل گئے ہیں۔ اٹلی نے پاکستان کے لیے اگلے تین سال تک نوکریوں کا خصوصی کوٹہ منظور کر لیا جس کے تحت ہر سال 3500پاکستانی شہری سیزنل اور نان سیزنل ورک ویزا پر اٹلی جا سکیں گے ۔ترجمان وزارت اوورسیز پاکستانیز کے مطابق اٹلی سے پاکستان کے لیے 10500 نوکریوں کا کوٹہ حاصل کرنے میں کامیابی ملی ہے۔ ہر سال 1500 پاکستانی سیزنل ورکرز جبکہ 2000 نان سیزنل ورکرز اٹلی منتقل ہوں گے۔
یہ کوٹہ شپ بریکنگ، ہاسپٹلیٹی، ہیلتھ کیئر اور زراعت جیسے شعبوں کے لیے مختص کیا گیا ہے ، جہاں پاکستانی ہنرمند اور نیم ہنرمند افرادی قوت کو مواقع میسر آئیں گے ۔ان شعبوں میں ویلڈرز، ٹیکنیشن، شیف، ویٹرز، ہاؤس کیپنگ، نرسنگ، میڈیکل ٹیکنیشن، فارمنگ اور کاشتکاری جیسے پیشے شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق اٹلی یورپ کا پہلا ملک ہے جس نے باقاعدہ طور پر پاکستان کے لیے نوکریوں کا کوٹہ مختص کیا ہے ۔وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک نے اس پیش رفت کو \"ایک اہم سنگ میل\" قرار دیتے ہوئے پوری قوم کو مبارکباد دی۔ جلد ہی یورپ کے مزید ممالک کے دروازے بھی پاکستانی ورک فورس کے لیے کھلیں گے ۔پاکستان اور اٹلی کے درمیان مشترکہ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس فروری 2026 میں اسلام آباد میں ہوگا ۔