پنجاب پولیس کیلئے بکتر بند گاڑیوں کی خریداری، 30 کروڑ منظور
آئی جی نے اشتہاریوں کو پکڑنے کیلئے 20گاڑیوں کی مد میں 1.20ارب مانگے ایک آرمرڈ سکیورٹی وہیکل کی خریداری پر 6 کروڑ روپے کے اخراجات آئیں گے
لاہور (کرائم رپورٹر )خطرناک اشتہاری مجرموں کو پکڑنے کیلئے آرمرڈسکیورٹی وہیکلز کی خریداری جلد ہو گی، آئی جی پنجاب نے 20جدیدلائٹ بکتر بند گاڑیوں کی خریداری کیلئے حکومت سے 1ارب 20 کروڑ سے زائد کے فنڈز مانگے تھے ۔پولیس ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی کفایت شعاری مہم کی وجہ سے محکمہ خزانہ نے 5 گاڑیوں کی خریداری کے لئے 30کروڑفنڈز کی منظوری دی۔ایک آرمرڈ سکیورٹی وہیکل کی خریداری پر 6 کروڑ روپے کے اخراجات آئیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے لااینڈ آرڈر سے متعلق اجلاس میں لائٹ بکتر بند گاڑیوں کی خریداری کے لئے ہدایات دی گئی تھیں۔اس سے پہلے پنجاب پولیس کے پاس آرمرڈ سکیورٹی وہیکلز کی تعداد ناکافی ہے ۔تین سال قبل صرف ایک لائٹ بکتر بند گاڑی خریدی گئی تھی۔آرمرڈ سکیورٹی وہیکلز کی خریداری رواں مالی سال میں مکمل کی جائے گی۔لائٹ بکتر بند گاڑیوں کی خریداری کے لئے سمری محکمہ خزانہ نے حکومت کو بھجوا دی۔